لائف اسٹائل

ثنا جاوید کے جعلی فیس بک اکاؤنٹ پر اصل اکاؤنٹ سے زیادہ فالوورز

ثنا جاوید کے نام سے بنائے گئے جعلی فیس بک اکاؤنٹ کو ماہانہ فیس کے عوض ویریفائی بھی کروایا گیا تھا۔

اداکارہ ثنا جاوید نے اپنے نام سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنائے جانے کا انکشاف کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جس اکاؤنٹ کے زیادہ فالوورز ہیں، وہ ان کے نام سے بنایا گیا جعلی اکاؤنٹ ہیں۔

ثنا جاوید نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے نام سے بنائے گئے جعلی فیس بک اکاؤنٹ کی اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اس بات پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا کہ جعلی اکاؤنٹ کو میٹا کی جانب سے ویریفائی کیسے کیا گیا؟

اداکارہ نے مداحوں کو بتایا کہ وہ مذکورہ جعلی اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی کسی بھی پوسٹ کو ری شیئر نہ کریں اور یہ کہ انہوں نے جعلی اکاؤنٹ کے خلاف رپورٹ درج کروادی۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے متعلقہ حکام کو بھی اپنے نام سے بنائے گئے جعلی فیس بک اکاؤنٹ سے متعلق آگاہ کردیا ہے، وہ بھی جلد ہی جعل سازوں کے خلاف کارروائی لیں گے۔

ثنا جاوید کے نام سے بنائے گئے جعلی فیس بک اکاؤنٹ کو نہ صرف ماہانہ فیس کے عوض ویریفائی کروایا گیا تھا بلکہ حیران کن طور اس کے فالوورز اصل اکاؤنٹ سے بھی زیادہ تھے۔

جعلی اکاؤنٹ میں بھی اداکارہ کی تصاویر استعمال کی جا رہی تھیں جب کہ مذکورہ اکاؤنٹ پر ان کے شوہر شعیب ملک کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی تھیں۔

اداکارہ کے جعلی اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 17 لاکھ جب کہ اصل اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 12 لاکھ تک ہے۔

اداکارہ کی جانب سے جعلی اکاؤنٹ کی نشاندہی کے بعد ان کے نام سے بنایا گیا جعلی اکاؤنٹ غیر فعال ہوگیا۔