فنکشنل، ن لیگ اور این پی پی کا ساتھ الیکشن لڑنے کا اعلان
کراچی: مسلم لیگ نواز، نیشنل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ فنکشنل نےسندھ میں مل کر انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ نوازشریف کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتوں سے بھی اتحاد کرنا چاہتے ہیں۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے کراچی میں پیر پگارا کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا اور نیشنل پیپلز پارٹی کے قائد غلام مرتضی جتوئی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں میں ایک انتخابی معاہدہ طے پایا جس کے تحت دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے مدمقابل امیدوارکھڑا نہیں کریں گی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن، نیشنل پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ نے مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہر سیٹ کیلیے متفقہ امیدوار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو بھی اتحاد میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ الیکشن وقت پر ہوں گے اور کسی میں جرات نہیں کہ الیکشن ملتوی کرے۔
مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کہا حکومتی اتحاد کا ایک حصہ سازش کے تحت اپوزیشن میں چلا گیا ہے اور اب وہ نگراں حکومت پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات کے سوال پر نوازشریف کا کہنا تھا اگر ملک میں امن چاہتے ہیں تو طالبان سے مذاکرات ہونے چاہئیں۔
بلدیاتی نظام کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ 1979 کے بلدیاتی نظام کی بحالی سندھ کے عوام اور ہمارے موقف کی فتح ہے۔
پاکستان کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کے سربراہ نے چاروں صوبوں کے گورنرز تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کا کہ سیاسی بنیادوں پر تعینات گورنرز تعینات کیے جائیں۔
اس موقع پر مسلم لین فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پانچ برسوں میں ملک کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے، پیپلزپارٹی کا پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے صفایا ہو گیا ہے اور ان ہم اسے سندھ میں بھی شکست دیں گے۔
اس سے پہلے نوازشریف جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسرغفور کےگھرگئےاوران کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی یرغمال بنا ہوا ہے اور اہم شہر کو یرغمالیوں سے آزاد کروانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر بھی کراچی پرخصوصی توجہ دیںِ کیونکہ یہاں انتخابات شفاف نہیں ہوئے تو کوئی نتائج تسلیم نہیں کرے گا۔