شائع January 17, 2015 اپ ڈیٹ January 6, 2016

دس عادات اپنا کر رہیں صحت مند اور خوش باش



سعدیہ امین اور فیصل ظفر




کیا آپ نئے سال میں صحت مند اور خوش باش زندگی چاہتے ہیں؟ کیونکہ وہ مقولہ تو آپ نے سنا ہی ہوگا کہ صحت ہی دولت ہے جس کے بغیر زندگی میں خوشی کا تصور ممکن ہی نہیں۔

تو نئے سال پر خود ایسے عہد نہ کریں جنھیں آپ پورا کر ہی نہیں سکتے بلکہ بس اپنے طرز زندگی میں چند چھوٹی تبدیلیاں لاکر آپ اپنی صحت، مزاج، توجہ کو بہتر بنا کر فٹ زندگی کا مزہ لوٹ سکتے ہیں۔

کھڑے رہنے کی عادت اپنا کر



— آن لائن فوٹو
— آن لائن فوٹو

اگر آپ نے یہ جملہ سنا نہیں تو جان لیں کہ بیٹھنے کی عادت آپ کو آہستہ آہستہ مار دیتی ہے۔ مختصر مدت کے لیے کرسی سے چپکے رہنا آپ کے پٹھوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے کیونکہ یہ جسم میں دوران خون کی گردش کو متاثر کرتی ہے اور جسمانی ورم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ طویل المدتی بنیادوں پر بات کی جائے تو یہ طرز زندگی موٹاپے کا شکار تو بناتا ہی ہے اس کے ساتھ ساتھ امراض قلب اور ذیابیطس جیسی جان لیوا بیماریاں بھی جسم کا حصہ بن جاتی ہیں اور کینسر کی مختلف اقسام بھی آپ کو دبوچ سکتی ہیں۔

کولڈ ڈرنکس سے دوری



— آن لائن فوٹو
— آن لائن فوٹو

انسانی دماغ ہمیشہ سے ہی مٹھاس کا دیوانہ رہا ہے مگر ماضی میں کبھی ہمارے آباء و اجداد کو بہت زیادہ چینی اور کیلوریز سے بھرپور کولڈ ڈرنکس جیسی چیز نہیں ملی تھی۔ اس کا بہت زیادہ استعمال موٹاپے کا شکار کرتا ہے جبکہ اس سے پیدا ہونے والا کیمیائی ردعمل دماغ کو بتاتا ہے کہ ہم کچھ اچھا کر رہے ہیں حالانکہ ایسا ہوتا نہیں، اس کے نتیجے میں چینی کا استعمال ایک عادت بن جاتی ہے جسے ترک کرنا ناممکن سا ہوجاتا ہے جو ذیابیطس، دل کی بیماریوں اور فالج وغیرہ کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔

گھر سے باہر نکلنا



— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

گھروں اور دفاتر سے کچھ دیر کے لیے باہر نکلنا مزاج کو خوشگوار بنانے اور تخلیقی سوچ کو جلا دینے کا تیز رفتار طریقہ ہے۔ گھر سے چہل قدمی کو معمول بنالینے سے ناصرف یاداشت مضبوط ہوتی ہے بلکہ اس سے خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

کھڑکی کے قریب رہنا



— وکی میڈیا کامنز
— وکی میڈیا کامنز

کھڑکی کے قریب باہر کا نظارہ کرنے کے ساتھ ساتھ یہ عادت آپ کے مزاج کو بھی خوشگوار بناتی ہے اور دن بھر دماغ کو چوکس رکھنے اور رات کو جلد سونے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ قدرتی روشنی میں رہنے سے خاص طور پر دن کے آغاز میں، جسم کی اندرونی گھڑی کو درست طریقے سے کام کرنے میں مدد ملتی ہے۔ جن افراد کے دفاتر کھڑکیوں سے محروم ہوتے ہیں انہیں راتوں کو سونے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے اور اوسطاً ہر ماہ پندرہ گھنٹے کی نیند سے محروم رہتے ہیں۔

شکرگزاری کا تحریری اظہار



— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

سننے میں عجیب تو لگے گا مگر چھوٹی چھوٹی باتوں پر شکر کا تحریری اظہار کسی بھی فرد کے مزاج اور رشتوں پر حقیقی اور دیرپا مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ حالیہ تحقیقی رپورٹس کے مطابق ہفتہ وار شکرگزاری کا تحریر کی صورت میں اظہار انسان کے اندر امید کی کرن جگاتا ہے اور زندگی پر اطمینان بڑھاتا ہے۔

اپنے مقصد کو تحریر میں لانا



— بشکریہ ہفنگٹن پوسٹ
— بشکریہ ہفنگٹن پوسٹ

مثبت سوچ طاقتور ہوسکتی ہے مگر اپنے تصور کو خیال کی حد تک رکھنا مقصد کے حصول کے لیے کافی ثابت نہیں ہوتا۔ ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اپنے مثبت خیالات اور اپنے ذاتی رویے کے بارے میں لکھنا زندگی کے لیے طے کردہ مقاصد کا سب سے بہترین راستہ ثابت ہوسکتا ہے جس سے صحت کی بہتری کا راستہ بھی کھل جاتا ہے۔

گوشت کی جگہ پھلیوں، بیجوں یا اجناس کو ترجیح دینا



— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

گوشت کو مکمل طور پر غذا سے نکال دینا بھی انتہاپسندانہ اقدام ہوگا بس کوشش یہ ہونی چاہئے کہ اس کا استعمال کم ہو۔ کم گوشت کا استعمال زندگی کی مدت میں اضافہ کردیتا ہے اور متعدد خطرناک امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ ٹو، موٹاپے، میٹابولک سینڈروم، فشار خون اور کینسر وغیرہ سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

لفٹ کی جگہ سیڑھیوں کا استعمال



— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

اپنے دفاتر یا اپارٹمنٹس بلڈنگ میں لفٹوں میں ہجوم کا حصہ بننے کی بجائے سیڑھیوں کا راستہ اپنائیں جو کہ ایک ورزش سے کم نہیں۔ سیڑھیاں چڑھنے کا دورانیہ چاہے چند منٹ ہی کیوں نہ ہو اس سے جسم کو متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق کچھ منٹ کی یہ ورزش پورا دن جسم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے اور اس سے انہیں وہ فوائد بھی حاصل ہوجاتے ہیں جو لوگ عام طور پر روزانہ آدھے گھنٹے تک ورزش کرکے حاصل کرتے ہیں۔

پودوں کو گھر کا حصہ بنانا



— وکی میڈیا کامنز
— وکی میڈیا کامنز

کچھ پھول اپنے رہائشی کمرے میں لائیں یا اپنی میز پر کوئی پودا رکھ دیں۔ آپ کے گھر یا دفتر میں سبزے کی یہ معمولی سی جھلک مزاج کو خوشگوار بنانے کے ساتھ جذباتی طور پر مستحکم شخصیت بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ یہ پودے گھر کی چاردیواری میں موجود مضر صحت آلودگی کو بھی جذب کرلیتے ہیں جو گلے کے راستے آپ کے پھیپھڑے میں جاکر تباہ کن اثرات کا سبب بن سکتی ہے۔

کمپیوٹر اسکرین سے کچھ دیر کی دوری



— اے پی فوٹو
— اے پی فوٹو

کمپیوٹرز، اسمارٹ فون یا ٹیبلیٹ کی اسکرینوں کو ہر وقت گھورتے رہنا آنکھوں کی نمی کو خشک کرنے کا باعث بن جاتا ہے اور لوگ آنکھوں کے مختلف امراض کا شکار ہوجاتے ہیں۔ کمپیوٹر یا ٹیبلیٹ کو دیکھتے ہوئے ہم نا صرف بہت کم پلکیں جھپکا رہے ہوتے ہیں بلکہ ہماری آنکھیں بھی زیادہ پھیلی ہوئی ہوتی ہیں جس سے نمی بہت تیزی سے خشکی کا شکار ہوجاتی ہے۔

تبصرے (8) بند ہیں

Abdul majeed Jan 17, 2015 07:41pm
بہت خوب مشورہ ہے ۔اگر ہم اعتدال ہی کو اصول بنا لیں تو بہت سی الجھنوں سے بچ سکتے ہیں۔کسی نے خوب کہا ہے کہ صحت جسم و جان میں توازن کو ملحوظ رکھنے کا نام ہے۔میں دس پندرہ سال قبل شدید ہارٹ اٹیک کا شکار ہوا اور ایک عرصے تک بڑی مایوسی اور ڈیپریشن کا شکار رہا لیکن ان عادات کو اپنا کر تا حال نہ صرف صحت مند ہوں 'بلکہ بے شمار مسائل کے باوجود زندگی سے گہرا لگائو اور دلچسپی برقرار ہے۔
Abdul baseer Jan 17, 2015 07:48pm
ye sb achi baten han jin par amal kia jay to acha ha ku k ye sb sihat k liy faida mand han........................................
Azhar Ahmed Baig Jan 17, 2015 09:26pm
Dawn news ki website be-entah mufeed malomat ka zarya hai .....aur es article mai beshak behreen malomat share ki hai . DAWN news website is really working best
Ammar Malik Ansari Jan 17, 2015 10:57pm
i like this news
وسیم بن اشرف ملتان Jan 18, 2015 01:56am
ایک زبردست آرٹیکل ہے،اگر ہم ان عادات کو اپنا لیں تو یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ بہت سے مصائب اور مشکلات،مسائل سے چھٹکارا پا سکتے ہیں،ڈان کو ایسے مضامین تواتر کے ساتھ شائع کرتے رہنا چاہئے،شکریہ
حسین عبداللہ Jan 18, 2015 07:18pm
بہت حدتک معلوماتی مضمون تھا ان میں سے چند پر عمل بھی فائدہ مند ہوسکتا
amna Jan 18, 2015 11:39pm
thats good these are all good habits make us healthy to keep our body fit
Sajjad Sarkani Jan 06, 2016 11:49am
A very good article if acted upon but I think "positive thinking" should also be included in the article to get better results....