لیاری گینگ وار: قادر پٹیل سے رینجرز کی تفتیش
کراچی: لیاری گینگ سے مبینہ تعلق اور ڈاکٹر عاصم حسین کے ہسپتال میں مشتبہ گینسٹرز کے علاج میں معاونت کے حوالے سے کردار پر رینجرز نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کراچی کے سابق صدر عبد القادر پٹیل سے تقریباً 8 گھنٹے تک تفتیش کی۔
پارٹی سے اختلافات کے باعث ایک سال قبل لندن جانے والے عبد القادر پٹیل سے، دو روز قبل وطن واپس پہنچنے کے بعد رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں تفتیش کی گئی۔
یاد رہے کہ پارٹی قیادت اور حکومت سندھ کو عوامی سطح پر تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد عبد القادر پٹیل کی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔
اگرچہ عبد القادر پٹیل سے گھنٹوں جاری رہنے والی تفتیش کے حوالے سے رینجرز حکام کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم سیکیورٹی اور سیاسی ذرائع کا کہنا ہےکہ رینجرز نے عبد القادر پٹیل کو آئندہ طلب کرنے پر تفتیش کے لیے پیش ہونے کی واضح ہدایت کے بعد گھر جانے کی اجازت دی۔
ذرائع نے بتایا کہ قادر پٹیل صبح 11 بجے رینجرز ہیڈ کوارٹرز پہنچے اور شام 7 بجے بعد واپس روانہ ہوئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ قادر پٹیل سے کئی طرح کے سوالات کیے گئے، جن میں رکن قومی اسمبلی اور کراچی میں پارٹی کے صدر کی حیثیت سے ان کے کردار اور لیاری کے جرائم پیشہ عناصر سے سیاسی رہنماؤں کے تعلق کے حوالے سے سوالات بھی شامل تھے، عبد القادر پٹیل نے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار نہیں کیا۔
ذرائع نے کہا کہ رینجرز حکام نے عبد القادر پٹیل سے تفتیش کی دوسری تاریخ نہیں دی، تاہم یہ واضح ہے کہ رینجرز کی قادر پٹیل سے اہم کیسز میں کردار کے حوالے سے تفتیش ابھی ختم نہیں ہوئی۔
یہ خبر 15 اپریل 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی