اسلام آباد: سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کا ذمہ دار اسلامی نظریاتی کونسل کو قرار دیتے ہوئے اسے تحلیل کرنے کی سفارش کردی۔

سینیٹر نسرین جلیل کی صدارت میں کمیٹی نے غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ غیرت کے نام پر قتل کے مقدمات میں معافی کا سلسلہ ختم کیا جائے تاکہ ملزمان کو سزا یقینی بنائی جاسکے۔

کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے مقدمات میں قصاص اور دیت کے اسلامی قانون کا اطلاق نہ کیا جائے جب کہ غیرت کے نام پر قتل کے مقدمات میں ریاست کو مدعی بننا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:'غیرت کے نام پر قتل غیر اسلامی اور ملکی قوانین کے خلاف'

کمیٹی نے اسلامی نظریاتی کونسل کی متنازع سفارشات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عورتوں پر تشدد کی ذمہ دار اسلامی نظریاتی کونسل خود بھی ہے۔

کمیٹی نے کہا کہ عورتوں کے خلاف سفارشات سے عام لوگوں میں منفی سوچ پیدا ہوتی ہے، کونسل کے ارکان جدید زمانے کی قانون سازی سے لاعلم ہیں۔

نسرین جلیل نے اس حوالے سے موقف اختیار کیا کہ ریپ کیسز میں ڈی این اے کو بطور شہادت قبول نہ کرنا دقیانوسی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی خواتین سے متعلق سفارشات عقل سے ماورا ہیں، اسلامی نظریاتی کونسل کی مدت پوری ہوچکی ہے بہتر ہے اسے ختم کردیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: تحفظ نسواں بل آئین کےخلاف قرار

انہوں نے مزید کہا کہ کونسل کی آئینی حیثیت کے بارے میں وزارت قانون کو خط لکھیں گے،قومی اسمبلی کے اجلاس میں خواتین ارکان کے خلاف نازیبا گفتگو بھی قابل مذمت ہے، خواتین کے بارے میں نازیبا باتیں کرنےو الے ارکان پارلیمنٹ کے خلاف بھی کارروائی کی جانی چاہیے۔

سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے خواتین مخالف اقدامات اور ان پر تشدد کو جائز قرار دینے سے عورتوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کونسل کی سفارشات نے معاشرے میں خواتین کیخلاف منفی تاثر پیش کیا اور ان کیخلاف تشدد پر اکسایا، ان سفارشات نے خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

کمیٹی کے رکن سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اسلامی نظریاتی کونسل کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ 1997 میں جب کونسل نے اپنا کام مکمل کرلیا تو اب اس کے برقرار رہنے کی کوئی وجہ نہیں۔

مزید پڑھیں:' نابالغ بچوں کی شادی پر پابندی غیر اسلامی '

انہوں نے کہا کہ ایک کونسل جو تنازعات میں گھری ہوئی ہوئے اسے کام جاری نہیں رکھنا چاہیے، کونسل لڑکیوں کی شادی کیلئے مقررہ کم سے کم عمر کو بھی غیر اسلامی قرار دے چکی ہے۔

علاوہ ازیں فرحت اللہ بابر نے فوجی عدالتوں کی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے مبصرین کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ فوجی عدالتوں میں کیا ہوتا ہے، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے ارکان کو فوجی عدالتوں کی کارروائیوں کی نگرانی کی اجازت ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو یہ جاننے کا حق ہے کہ کسی ملزم کو کن جرائم کی بنیاد پر سزائے موت دی گئی اور اس سلسلے میں فوجی ترجمان کی جانب سے پریس ریلیز بھی جاری ہونی چاہیے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

sahibzada Mazhar Nisar Jun 29, 2016 09:30am
They are not challenging CII but they are challenging The Islamic law...... And soon they will get the reward.... Will not be positive
Ashian Ali Malik Jun 29, 2016 01:16pm
اسلامی نطریاتی کونسل کا خاتمہ درست اقدام ہو گا۔ اسلامی نطریاتی کونسل کے ممبران دور جدید اور قدیم کے تمام علوم سے لا علم ہیں ۔ ان کے پاس صرف مذہب کے نام پر کاروبار اور روزگار حاصل کرنے اور معاشرہ میں تفرقہ پیدا کرنے کا علم ہے