• KHI: Partly Cloudy 20.9°C
  • LHR: Cloudy 12.8°C
  • ISB: Heavy Rain 14.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 20.9°C
  • LHR: Cloudy 12.8°C
  • ISB: Heavy Rain 14.5°C

پشاور: چار ماہ میں کانگو وائرس سے چار ہلاکتیں

شائع July 11, 2014

پشاور: گزشہ چار ماہ کے دوران پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کانگو وائرس سے متاثرہ چار افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔

ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے کے مطابق جمعے کو بنوں سے تعلق رکھنے والا کانگو وائرس کا مریض اسپتال میں چل بسا، جس سے پشاور میں اس موذی مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی میڈیا آفیسر توحید ذوالفقار نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران کانگو وائرس کی علامات کے ساتھ نو مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ، جن میں سے چار مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

میڈیا افسر کے مطابق بنوں کے علاقے مناجاخیل سے تعلق رکھنے والا نواب علی پیشے کے اعتبار سے قصائی تھا، جسے نو جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا ور جمعے کو اُس کا انتقال ہو گیا۔

توحید ذوالفقار نے بتایا کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کانگو وائرس سے ہلاک ہونے والے دو افراد کا تعلق افغانستان سے ہے، جن میں ایک تیس سالہ شخص عبداللہ اور ایک نوجوان لڑکی رونا شامل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسپتال کے عملے کا ایک رکن عبدالجلیل کانگو وائرس سے ہلاک ہونے والا چوتھا شخص ہے۔

عبدالجلیل، افغان مریض عبداللہ کو اسٹریچر کے ذریعے اسپتال کے بیڈ پر منتقل کرنے اور کینولا لگانے کے دوران اس مرض کا شکار ہوا۔

توحید ذوالفقار کے مطابق عبدالجلیل میڈیکل رپورٹس کے سامنے آنے سے پہلے ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔

انہوں نے کہا کہ جمعے کو ہلاک ہونے والے نواب علی میں کانگو وائرس کی علامات پائی گئیں، لیکن ہم اُس کی میڈیکل رپورٹس کا انتظار کر رہے ہیں۔

کانگو وائرس سے متاثرہ ایسے مریض جو صحتیاب ہوچکے ہیں، اُن میں افغانستان سے تعلق رکھنے والا چھبیس سالہ میر افغان، اٹھائیس سالہ ظریف اور چالیس سالہ خاتون مینا شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025