• KHI: Sunny 24.2°C
  • LHR: Sunny 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.5°C
  • KHI: Sunny 24.2°C
  • LHR: Sunny 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.5°C

‫پاکستانی اور ہندوستانی فنکاروں کا غزہ سے اظہارِ یکجہتی

شائع July 21, 2014 اپ ڈیٹ January 25, 2024

** غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت پر دنیا بھر میں احتجاج سامنے آ رہا ہے جس میں معروف شخصیات بھی اپنے اپنے انداز سے شامل ہو رہی ہیں، پاکستان اور ہندوستان کے فنکار بھی اس معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں اور وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔**

ایسی ہی چند شخصیات کے بارے میں جانیں جو غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ٹوئیٹر یا دیگر ویب سائٹس کو اپنا ہتھیار بنا رہے ہیں۔


مہرین سید


پاکستان کی معروف ترین ماڈل مہرین سید نے غزہ کے بارے میں ٹوئیٹر پر کئی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اپنے فالوروز کو اسرائیلی جارحیت کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ہے اور اس حوالے سے کافی سخت موقف اختیار کیا ہے۔


اشنہ شاہ


مقبول ڈرامے 'بشر مومن' کی یہ اداکار غزہ پر اسرائیلی جارحیت پر ٹھوس موقف کو اپنائے ہوئے ہیں اور انھوں نے اپنے پرستاروں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کر دیں۔ انھوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں ایسی مصنوعات کے لوگوز موجود ہیں جن کو اشنہ اسرائیلی تصور کرتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی آمدنی روک دینا فلسطینیوں کی مدد کا بہترین طریقہ ہے۔


فیصل قریشی


پاکستان کے اس معروف اداکار نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف براہ راست احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ہے۔ انھوں نے اس احتجاجی مظاہرے کی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر شائع کی اور اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام سے زیادہ سے زیادہ اظہار یکجہتی کریں۔


متیرا اور روز محمد


سفید دوپٹے میں ملبوس متیرا نے فری فلسطین فیس بک پیج پر ایک وڈیو پوسٹ کی ہے جس میں غزہ کے عوام کو درپیش مشکلات کا انسانی حل نکالنے اور لوگوں سے متاثرین کی تصاویر پوسٹ نہ کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ متاثرین کو ہماری دعاﺅں کی ضرورت ہے اور وہ ورلڈ کپ کے فائنل کھیلنے والے کھلاڑیوں سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں، ان کی بہن روز اس مسئلے پر شعور اجاگر کرنے کی ایک مہم بھی چلا رہی ہیں۔


رابعہ بٹ


معروف ماڈل رابعہ بٹ نے غزہ کے عوام سے یکجہتی کا اظہار انسٹاگرام پر اس فوٹو کے ساتھ کیا جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ غزہ کے بارے میں پڑھ کر مجھے اپنے بہن اور بھائیوں کی تکلیف کا احساس ہوا تو میں خود کو ایک پنجرے میں قید تصور کرنے لگی، اگر ہم سب کو ایسا لگتا ہے تو ہمیں ان سے یکجہتی کا اظہار کرنا چاہئے۔


وسیم بادامی


معروف اینکر وسیم بادامی نے فیس بک پر ایک وڈیو کے ذریعے غزہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی۔


زارا پیرزادہ


ماڈل زارا پیرزادہ نے لاہور میں غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی۔


کرکٹرز


اس معاملے میں پاکستانی کرکٹرز بھی کسی سے پیچھے نہیں اور مختلف کھلاڑیوں نے فری فلسطین کے پلے کارڈز اٹھا کر غزہ کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، ان کرکٹرز میں کپتان مصباح الحق سمیت دیگر شامل تھے۔


بولی وڈ


بولی وڈ میں بھی کافی فنکاروں نے اس حوالے سے اپنی آواز بلند کی ہے جن میں شاہ رخ خان، سوناکشی سنہا اور ارجن کپور نمایاں ہیں جنھوں نے اس معاملے پر ٹوئیٹر کے ذریعے غزہ کے رہائشیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ قتل اور وہ بھی ننھے بچوں کے قتل سے کوئی مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا، فلسطین میں امن کے لیے دعا کریں۔

سوناکشی سنہا نے اپنے پیغام میں کہا 'دعائیں امن اور محبت'۔

سوناکشی کے والد شتروگھن سنہا نے بھی غزہ کے رہائشیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی اپیل کی۔

اسی طرح ارجن کپور نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں انتہائی سخت الفاظ استعمال کئے اور لکھا کہ امن کے لیے بمباری کہاں کی عقلمندی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025