یمن سے 150 پاکستانی بحریہ کے جہاز سے روانہ

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2015
جہاز میں ہندوستان، چین اور یورپی شہری بھی سوار ہیں۔۔۔ فائل فوٹو: رائٹرز
جہاز میں ہندوستان، چین اور یورپی شہری بھی سوار ہیں۔۔۔ فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: پاکستان بحریہ کا جہاز یمن سے 150 پاکستانیوں سمیت ہندوستان، چین اور یورپی شہرریوں کو لے کر روانہ ہو گیا ہے۔

پاکستان بحریہ کے جہاز کو مکلا میں لنگر انداز ہونا تھا مگر شہر کی خراب صورتحال کے باعث جہاز کو قریبی شہر الشحر لے جایا گیا اور وہاں سے شہریوں کو جہاز میں سوار کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے مطابق پاک بحریہ کے الشحر پہنچنے والے جہاز میں 150 سے زائد پاکستانیوں کو سوار کیا گیا ہے۔

تسنیم اسلم نے مزید بتایا کہ چین کے طلبہ اور وہاں کام کرنے والے افراد سمیت یورپ اور ہندوستان سے تعلق رکھنے والے افراد بھی جہاز میں سوار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جہاز میں سوار ہندوستانی اور یورپی شہری ایک ہی کمپنی کے ملازم ہیں اور کمپنی کے مالک نے پاکستانی شہریوں کی مدد کی تھی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے جہاز کے پاکستان کے لیے روانہ ہونے کی بھی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ یمن میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد وہاں سے پاکستانیوں کا انخلاء شروع ہوا، جس میں اب تک دو طیاروں کی مدد سے 579 افراد کو پاکستان لایا جا چکا ہے۔

گزشتہ روز یمن سے پاکستان پہنچنے والے 176 افراد کو چین کی مدد سے افریقی ملک جبوتی لے جایا گیا تھا جہاں سے ان کو پی آئی اے کی مدد سے پاکستان لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : یمن سے 176 پاکستانیوں کی وطن آمد

اس سے قبل 503 افراد کو الحدیدہ سے جہاز کے ذریعے کراچی لایا گیا، یہ شہری یمن کے دارالحکومت صنعاء سے الحدیدہ پہنچے تھے۔

یمن کے دارالحکومت صنعاء میں بھی 150 کے قریب پاکستانی موجود ہیں جو زمینی سفر کرنے سے قاصر ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ انھیں ہوائی جہاز کے ذریعے وہاں سے پاکستان منتقل کیا جائے

مزید پڑھیں : یمن سے 503 پاکستانی کراچی پہنچ گئے

ایک اندازے کے مطابق یمن میں 3000 پاکستانی موجود تھے جن میں سے ایک ہزار سے زائد ملک چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ یمن کے دارالحکومت اور بڑے رقبے پر حوثی باغیوں نے قبضہ کر لیاتھا جس کے بعد سعودی عرب کی جانب سے باغیوں کا قبضہ ختم کرنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں