غیرملکی این جی اوز کو 6 ماہ تک کام کی اجازت
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے غیر ملکی این جی اوز کو متعلقہ حکام کی اجازت کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 3 ماہ کے اندر ازسرنو رجسٹریشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی این جی اوز سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس دانیال گیلانی کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام غیر ملکی این جی اوز کو 6 ماہ تک پاکستان میں کام کرنے کی اجازت ہوگی تاہم ان این جی اوز کی 3 ماہ کے اندر ازسرنو رجسٹریشن کی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی کی سربراہی میں کام کرنے والی بین الوزارتی کمیٹی کو پاکستان میں این جی اوز کے مستقبل کے حوالے سے قانون سازی کے مسودے کے لیے قوانین اور طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایات دی گئیں۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ این جی اوز سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے یہ کمیٹی غیر سرکاری تنظیموں کی نگرانی بھی کرے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ورزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر سینیئیر حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گزشتہ ہفتے بین الاقوامی امدادی گروپ 'سیو دی چلڈرن' پر پاکستان میں پابندی عائد کرکے اسلام آباد میں مارگلہ روڈ پر واقع ان کا دفتر بھی سیل کردیا گیا تھا، تاہم اس این جی او کو بعد ازاں ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے کام کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
مزید پڑھیں:سیو دی چلڈرن پر پابندی کا حکم واپس
سیو دی چلڈرن نے دسمبر 2014ء میں سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے عبوری اجازت حاصل کرلی تھی، جو گزشتہ 15 مئی کو ختم ہوئی تھی جس پراس کے دفاتر کو گذشتہ دنوں بند کردیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سیو دی چلڈرن کی سرگرمیاں روکنے سے متعلق پہلے جاری کیا جانے والا حکم منسوخ ہوگیا ہے، اور اب اگلے حکم تک یہ این جی او کو پاکستان میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہے۔
غیر ملکی غیر رساں اداروں کے مطابق یہ ادارہ پاکستان میں پچھلے 35 برس سے زیادہ عرصے سے کام کررہا ہے۔ 2011ء میں اسے سی آئی اے کی جانب سے ایک ڈاکٹر کی تعیناتی کے معاملے سے منسلک کیا گیا تھا، جس نے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی تلاش میں سی آئی اے کی مدد کی تھی۔
واضح رہے کہ حکومت نے نومبر 2013ء میں بین الاقوامی غیرسرکاری اداروں کی رجسٹریشن کے لیے نئے قواعد و ضوابط متعارف کرائے تھے، چنانچہ 150 آئی این جی اوز نے رجسٹریشن کے لیے درخواست دی تھی، جن میں سے 19 کو رجسٹرڈ کیا گیا اور پانچ کی رجسٹریشن سے انکار کردیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق باقی آئی این جی اوز سے کہا گیا کہ وہ رجسٹریشن کے لیے درکار کلیئرنس سرٹیفکیٹس حاصل کریں۔











لائیو ٹی وی