• KHI: Partly Cloudy 22.9°C
  • LHR: Clear 16.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.9°C
  • LHR: Clear 16.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.4°C

‘عامر نے کسی کی جان تو نہیں لی ناں؟’

شائع June 18, 2015

کراچی: عظیم ویسٹ انڈین باؤلر اور تنصرہ نگار مائیکل ہولڈنگ نے نوجوان پاکستانی باؤلر محمد عامر کی کرکٹ میں دوبارہ واپسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر نے کسی کی جان نہیں لی اس لیے انہیں دوبارہ موقع ملنا چاہیے۔

یاد رہے کہ محمد عامر 2010 میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوران دیگر دو ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے 3 ماہ برطانیہ کی جیل میں سزا بھی کاٹی تھی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2011 میں ان پر 5سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

محمد عامر اور آصف کے ساتھ ساتھ اس وقت کے قومی ٹیم کے سلمان بٹ پر 2010 میں دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا انہوں نے جان بوجھ کر پیسوں کے لیے نوبال کیں۔

پانچ سالہ پابندی کا شکار ہونے والے محمد عامر کو ان کے مثبت رویئے اور آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کرنے کی بنا پر 6مہینے کی رعایت دی گئی ، تاہم بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے جوہر دوبارہ دکھانے کے لیے محمد عامر کو چند ماہ مزید انتظار کرنا ہو گا کیونکہ ان پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی پابندی کا خاتمہ 2ستمبر 2015 کو ہو گا۔

مائیکل ہولڈنگ کہا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ کچھ لوگ اس بنیاد پر ان کی ٹیم میں واپسی نہیں چاہتے کیونکہ انہوں نے ملک کو بدنام کیا اور ہم کسی ایسے کھلاڑی کو دوسرا موقع نہیں دینا چاہتے جو ملک کی بدنامی کا سبب بنے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایسے لوگوں کو دیکھا جن کی وجہ سے لوگ اپنی زندگی سے محروم ہو گئے جیسے کراب ڈرائیونگ، شراب پی کر گاڑی چلانا، خراب مشینری کی وجہ سے ایکسیڈنٹ اور نہ جانے کیا کیا، اگر ان لوگوں کو بہتری کیلئے ایک اور موقع دیا جا سکتا ہے تو عامر کیوں نہیں۔

ہولڈنگ نے کہا کہ وہ جس قسم کی بھی سزا بھگتیں لیکن سزا کے اختتام کے بعد وہ اپنی زندگی کو دوبارہ شروع کرتے ہیں تو پھر عامر کو موقع نہ دینے کی کیا وجہ ہے؟۔

’عامر نے جو کیا وہ غیرقانونی اور کھیل کے لیے نقصان دہ تھا اور ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن اس نے کسی کی جان تو نہیں لی اور انہوں نے جو کچھ بھی کیا، میرا ماننا ہے کہ محمد عامر ایک دوسرے موقع کا مستحق ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اس سے دونوں ہاتھوں سے فائدہ اٹھائے گا‘۔

پاکستانی ویب سائٹ پاک پیشن کو دیے گئے انٹرویو میں مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ جب میں نے 2009 میں اسے دیکھا تو اس میں وہ سب کچھ موجود تھا جو ایک فاسٹ باؤلر میں ہونا چاہیے، میں اس وقت اس کے گیند پر کنٹرول، رفتار، سلو گیندوں اور کھیل کے حوالے سے ذہانت سے کافی متاثر ہوا تھا۔

عامر کے مستقبل کے حوالے سے سوال پر ہولڈنگ نے کہا کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ لوگ اور خصوصاً ٹیم کے کھلاڑی اور شائقین انہیں کس طرح قبول کرتے ہیں۔

ہولڈنگ نے کہا کہ عامر کو شروع میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن انہیں صرف کرکٹ پر توجہ دیتے ہوئے اپنی فٹنس پر توجہ دینے اور آئندہ غلط کاموں سے دور رہنے کی ضرورت ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025