• KHI: Clear 17.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.2°C
  • KHI: Clear 17.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.2°C

داعش کے وحشیانہ اقدامات ناقابل برداشت، طالبان

شائع August 12, 2015

کابل: افغان طالبان نے جنگجو تنظیم داعش کی جانب سے افغان شہریوں کو باندھ کر دھماکے کے ذریعے قتل کرنے کی ویڈیو کی شدید مذمت کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ دنوں منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افغانستان کے کسی نامعلوم مقام پر داعش نے ہلاک کرنے سے قبل ان قیدیوں کو ’مرتد‘ طالبان اور حکومت کا حامی قرار دیا۔

پانچ منٹ سے زائد دورانیے کی اس ویڈیو کو جہادی سوشل میڈیا فورم پر عربی اور پشتو زبان میں شیئر کیا گیا ہے۔

تاہم طالبان کی جانب سے ان کو افغانستان کا عام شہری قرار دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: افغانستان: داعش کا خود کش حملہ، طالبان کی مذمت

گذشتہ روز طالبان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’وحشیانہ ویڈیو میں خود کو داعش کا حامی قرار دینے والے اغوا کار متعدد قبائلی رہنماؤں اور دیہاتیوں کو دھماکے کے ذریعے ہلاک کررہے ہیں۔‘

طالبان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’ایسے جرائم اور دیگر وحشیانہ واقعات، جو کچھ غیر ذمہ دارانہ جاہل افراد کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کی آڑ میں کیے جارہے ہیں ناقابل برداشت ہیں۔‘

ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد حالیہ دنوں میں افغان طالبان اور داعش کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافے کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے جہاں داعش کی جانب سے طالبان کو ان کے ہی علاقے میں چیلنج کیا جارہا ہے۔

گذشتہ 14 سال سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے امریکا، نیٹو اور افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جس میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت ہزاروں افغان شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں دولت اسلامیہ اور طالبان جنگجوؤں میں جھڑپیں

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں افغانستان کے صوبے فرح میں طالبان اور داعش کے جنگجوؤں کے درمیان مسلح چھڑپیں ہوئی تھی، جن میں دونوں گرپوں کے متعدد افراد ہلاک ہوئے۔

گذشتہ دنوں طالبان کے بانی رہنما ملا محمد عمر کی ہلاکت کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ طالبان رہنما 2 سال قبل ہلاک ہوچکے ہیں۔

طالبان نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ملا عمر کے نائب ملا اختر منصور کو طالبان کا نیا امیر مقرر کردیا تاہم طالبان شوریٰ کے اس فیصلے کو تنظیم کے متعدد دھڑوں نے ماننے سے انکار کردیا تھا۔

ملا عمر کی ہلاکت کی خبریں منظر عام پر آنے سے قبل افغان حکومت اور طالبان کے درمیان پاکستان میں امن مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہونے والا تھا جسے طالبان نے معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

افغان امن مذاکرات کے حمایتی امریکا نے گذشتہ دنوں طالبان اور افغان حکام کو مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں طویل امن کے لیے مذاکرات انتہائی ضروری ہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Israr Muhammad khan Yousafzai Aug 12, 2015 06:41pm
اس کو اچھی خبر سمجھیں یا بری ایک دھشتگرد دوسرے دھشتگرد کی مخالفت کررہا ھے لیکن ایک بات خوش آئند ھے کہ دو دھشتگرد گروپ ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ھیں ھوسکتا ھے کہ قدرت کی طرف سے انکو ختم کرنے کا آغاز ھے اب پاکستان اور افعانستان حکومت دونوں کے لئے موقعہ ھے کہ ان پر کاری ضرب لگائیں
Inti khan Aug 13, 2015 01:00pm
Who is commenting on Taliban,what they were doing in the past suicide attack . Who authorize them to do so,are this is teaching of Islam. This is called tit for tat or might is right.

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025