ہندوستانی فورسز کی پھر سیز فائر کی خلاف ورزی
اسلام آباد: ہندوستانی فورسز نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں دیہاتوں پر شیلنگ کردی۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’ہندوستانی فورسز نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں : 'ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر پر اتفاق'
ہندوستانی فورسز نے سیز فائر کی خلاف ورزی کے دوران چھوٹے ہتھیاروں، مارٹر شیل اور راکٹس کا استعمال کیا تاہم مقامی طور پر کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا یہ واقع دونوں ممالک کے سرحدی فورسز کے وفود کی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ورکنگ باونڈری پر فائر بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز ہندوستان نے پاکستان کو نئی دہلی میں ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے اور ضلع سامبا کے راجوری سیکٹر میں شیلنگ کا الزام عائد کیا تھا۔
مزید پڑھیں : پاکستان، انڈیا کا سرحد پر 'تحمل' کا مظاہرہ کرنے پر اتفاق
نئی دہلی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد پاکستان رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ساتھ مذاکرات میں ورکنگ باؤنڈری پر فائر بندی روکنے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے رینجرز اہلکاروں کی شہادت کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا اور ڈی جی بی ایس ایف نے آئندہ ایسے واقعات نہ ہونے کا یقین دلایا۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں دفاع کی کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ گزشتہ 3 ماہ میں ایل اور سی اور ورکنگ باؤنڈری پر ہونے والی ہندوستانی فورسز کی سیز فائر کی 200 سے زائد خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 26 پاکستانی ہلاک ہوچکے ہیں۔












لائیو ٹی وی