اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان نے پاکستان سپر لیگ کے یو اے ای میں انعقاد کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے عالمی سٹار کھلاڑیوں کو متوجہ کرنے کیلئے غیر ملکی مقام کا انتخاب کیا۔

شہر یار نے صحافیوں کو بتایا ’اگر ہم پی ایس ایل کے پہلے سیزن کا انعقاد پاکستان میں کرتے تو عالمی کھلاڑی دلچسپی نہ لیتے‘۔

’ اسی وجہ سے ہم نے یو اے ای کا انتخاب کیا لیکن مستقبل میں ہم مرحلہ وار پی ایس ایل کو پاکستان منتقل کر دیں گے۔اگلے پی ایس ایل ایڈیشن میں ہم ایک، دو میچ پاکستان میں منعقد کرائیں گے‘۔

پی سی بی سربراہ نے بتایا کہ سپر لیگ میں تقریباً 120 کھلاڑیوں سے دلچسپی دکھائی ہے، جن میں سے 24 کو لیگ کیلئے منتخب کیا جا ئے گا۔

خیال رہے کہ اگلے سال 24-4 فروری تک دبئی اور شارجہ میں کھیلی جانے والی لیگ میں پانچ فرنچائز ٹیمیں شامل ہوں گی۔

پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے پرامید شہریار نے کہا کہ ’دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن درست سمت میں جا رہا ہے ، امید ہے کہ اس کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی ختم ہو جائے گی‘۔

’ہم ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشش کر رہےہیں۔ امید ہے کہ مستقبل میں ملکی سیکیورٹی مزید بہتر ہو گی‘۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار نے کہا کہ سلمان بٹ، محمدآصف اور محمد عامر کو عالمی کرکٹ میں واپس آنے سے پہلے مختلف مرحلے طے کرنے ہوں گے۔

انڈیا کے ساتھ باہمی کرکٹ سیریز کے حوالے سے پی سی بی چیئرمین نے بتایا کہ وہ تاحال بی سی سی آئی کے جواب کے منتظر ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں