کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے گورنر سندھ عشرت العباد کو صوبے میں تمام خرابیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے اور انہیں فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما اشفاق منگی کے گھر پر فائرنگ کا الزام الطاف حسین پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی بزدل آدمی ہیں اور ان سے توقع بھی کیا رکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ہمارا سرپرست اعلیٰ بننے کی کوشش کی لیکن ہماری جانب سے انکار کے بعد انہوں نے اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے ہمیں سزا دینی شروع کی، ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہماری سیکیورٹی ہٹائی جا رہی ہے اور مختلف طریقوں سے تنگ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو اراکین اسمبلی اور لوگ ہمارے پاس آ رہے تھے، عشرت العباد نے انہیں ہمارے پاس آنے سے روکا اور تاجروں کو کہا گیا کہ یہ تو تین مہینے میں ختم ہو جائیں گے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 'گورنر سندھ نے لوگوں کو خبردار کیا کہ مصطفیٰ کمال اور ان کی ٹیم پر اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہے اور جس دن اسٹیبلسمنٹ کا ہاتھ ہٹے گا تو ان کا حشر بھی بول چینل جیسا ہو گا'۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عشرت العباد ایم کیو ایم سے اب بھی رابطے میں ہیں اور الطاف حسین پر سے مقدمات ختم ہونے پر عشرت العباد نے انہیں فون کر کے مبارکباد پیش کی تھی۔

انہوں نے گورنر سندھ کو 'رشوت العباد' کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ 14 سالہ گورنری کے دور میں کراچی شہر تباہ ہو گیا اور شہر میں کوئی ایسا شخص نہیں جس نے عشرت العباد کو رشوت نہ دی ہو کیونکہ ان کی ترجیح پیسہ کمانا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب عشرت العباد گورنر بنے تو اس وقت ان کی لندن میں صرف ایک جائیداد تھی جو بینک کے پاس گروی تھی لیکن آج ان کی درجنوں جائیدادیں تو لندن میں ہیں جو انہوں نے اپنے تمام رشتے داروں اور اسٹاف کے نام پر لے رکھی ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 'صرف لندن ہی نہیں بلکہ ابوظہبی، کراچی اور کینیڈا میں جہاں جہاں ان کے رشتے دار رہائش پذیر ہیں، ہر کسی کے نام پر انھوں نے ریئل اسٹیٹ بنا رکھا ہے۔۔۔۔۔۔ وہ ڈالروں میں ارب پتی ہیں'۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے اجلاسوں میں سب سے زیادہ شرکت عشرت العباد نے کی، کوئی ایسی میٹنگ یا اجلاس نہیں جس میں وہ شریک نہ ہوئے ہوں چاہے وہ الطاف حسین کا اقبال جرم ہو یا طلاق کا معاملہ، الطاف حسین کے کالے کرتوتوں کے بارے میں ہم سب لوگوں سے زیادہ اگر کسی کو پتہ ہے تو وہ عشرت العباد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عشرت العباد مجرم ہے، انھوں نے 13 سالوں میں اس ملک کو نقصان پہنچایا۔

مصطفیٰ کمال نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ انہیں فی الفور گرفتار کیا جائے اور ان کا نام فوراً ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جانا چاہیے اور ان کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ الطاف حسین کو تقویت بخشنے اور آکسیجن فراہم کرنے والی قوت اور اس شہر میں تمام تر خرابیوں کے ذمے دار عشرت العباد ہیں، لہذا انہیں فوراً گرفتار کیا جائے۔

’مصطفیٰ کمال کے الزامات من گھڑت‘

ادھر ترجمان گورنر ہاؤس نے مصطفیٰ کمال کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں من گھڑت، گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق مصطفیٰ کمال انتہائی ذہنی دباؤ اور تناؤ کا شکار نظر آتے ہیں اور الزامات کے برعکس عشرت العباد کا کردار سب کے سامنے ہے۔

پی ایس پی رہنما کے گھر پر فائرنگ

اس سے قبل پی ایس پی کے رہنما اشفاق منگی کے گھر نامعلوم مسلح افراد فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔

اشفاق منگی نے بتایا کہ سفید گاڑی میں سوار چار ملزمان آئے اور انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی لیکن ان کی جانب سے بھرپور مزاحمت پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس نے بھی گلستان جوہر میں اشفاق منگی کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی تصدیق کی جبکہ واقعے کے بعد رینجرز کی نفری بھی اشفاق منگی کے گھر پہنچ گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں