قائد اعظم یونیورسٹی کا شعبہ فزکس پروفیسر عبدالسلام سے موسوم
وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے قائد اعظم یونیورسٹی کے نیشنل سینٹر فار فزکس کو معروف پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر محمد عبدالسلام کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی۔
پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی کا نیشنل سینٹر فار فزکس اب ’پروفیسز عبدالسلام سینٹر برائے فزکس‘ کہلائے گا۔
وزیراعظم نے وزارت فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس حوالے سے باضابطہ سمری تیار کریں تاکہ اسے منظوری کے لیے صدر پاکستان کے سامنے پیش کیا جاسکے۔
وزیر اعظم نے فزکس کے شعبے میں پی ایچ ڈی کرنے والے پاکستانی طالب علموں کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے سالانہ پانچ بین الاقوامی فیلو شپ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی جسے پروفیسر عبدالسلام فیلو شپ کہا جائے گا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے یہ اقدمات معروف پاکستانی ماہر طبیعات ڈاکٹر محمد عبدالسلام کی خدمات کے اعتراف میں اٹھائے جو 20 ویں صدی میں فزکس کے شعبے میں نمایاں نام رہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عبدالسلام : ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم
1979 میں ڈاکٹر عبدالسلام کو فزکس کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں طبعات کے نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر عبدالسلام کو دو امریکی ماہرین سٹیون وائنبرگ اور شیلڈن لی گلاشو کے ساتھ نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا اور اس اہم تقریب میں انہوں نے شیروانی اور شلوار کا قومی لباس زیب تن کیا اور سر پر پگڑی پہنی۔
ان کی خواہش پر انہیں نوبیل انعام وصول کرنے کے بعد اردو میں تقریر کرنے کی اجازت دی گئی۔
وہ سائنس کے شعبے میں نوبیل انعام حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اور کسی اسلامی ملک کی دوسری شخصیت تھے۔
1960 سے 1974 تک ڈاکٹر عبدالسلام حکومت پاکستان کے سینیئر ترین سائنس ایڈوائزر رہے اور اس دوران انہوں نے ملک میں سائنس کی ترقی کے لیے بہترین خدمات انجام دیے۔
1998 میں ایٹمی تجربات کے بعد حکومت پاکستان نے ڈاکٹر عبدالسلام کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یادگاری ڈاک اسٹیمپ بھی جاری کیے۔










لائیو ٹی وی
تبصرے (4) بند ہیں