• KHI: Partly Cloudy 19.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.5°C

چار مطالبات: پیپلز پارٹی حکمت عملی کیلئے کمیٹی تشکیل

شائع December 9, 2016

اسلام آباد: اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اپنے چار مطالبات پر عملدرآمد کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں حکومت کے خلاف مہم کے آغاز کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

پارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظوری سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے سربراہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ہوں گے۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن، وسطی پنجاب کے نومنتخب صدر قمر زمان کائرہ، پارٹی ترجمان فرحت اللہ بابر اور بلوچستان سے سینیٹر سردار فتح محمد حسنی شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مطالبات نہ مانے گئے تو ’گو نثار گو‘ کے بعد ’گو نواز گو‘:بلاول

کمیٹی کے اعلان کے بعد ڈان سے بات کرتے ہوئے سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا ’کمیٹی کی تشکیل کا اصل مقصد ایسی حکمت عملی ترتیب دینا ہے، جس کے ذریعے حکومت کو اُن مطالبات کو ماننے پر مجبور کیا جاسکے، جن کا پارٹی چیئرمین نے 17 اکتوبر کو اعلان کیا تھا۔‘

ریلی سے خطاب کے دوران بلاول نے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے حکومت کو 27 دسمبر تک کی مہلت دی تھی اور دوسری صورت میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے 4 مطالبات میں مستقل وزیر خارجہ کی تقرری، قومی سلامتی پر پارلیمانی کمیٹی کا قیام، پاناما اسکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے اپوزیشن کے بل کی منظوری اور پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے گزشتہ سال مئی میں ہونے والی کثیر الجماعتی کانفرنس میں منظور کی گئی قرارداد پر عملدرآمد کے مطالبات شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: چوہدری نثار سے بھی استعفے کا مطالبہ

اس قرارداد میں سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاکہ اس سے چھوٹے صوبوں کو فائدہ پہنچ سکے۔

فرحت اللہ بابر سے جب پوچھا گیا کہ کیا ان کی جماعت ان مطالبات کے حوالے سے حکومت کو مذاکرات کی دعوت دے گی، ان کا کہنا تھا کہ ’جب کمیٹی کے اجلاس ہوں گے تو اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کمیٹی ان چار مطالبات پر عملدرآمد کے لیے حکومت کو تجاویز دے گی اور اس میں کسی پیشرفت پر پارٹی چیئرمین کو دوبارہ رپورٹ کرے گی۔‘

ایک سوال کے جواب میں فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ ’اگر 27 دسمبر تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے تو کمیٹی پارٹی کے پاس موجود دیگر آپشنز پر ضرور غور کرے گی اور حکومت کے خلاف احتجاج کی منصوبہ بندی کرے گی۔‘


یہ خبر 9 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025