اسلام آباد: حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں ان کی جماعت عدالت کے سامنے تمام منی ٹریل پیش کرچکی ہے، لہذا اب کسی مزید ثبوت کی گنجائش موجود نہیں۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز وائز' میں گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ حسین نواز واضح کرچکے ہیں کہ دولت کہاں سے آئی اور پھر لندن کے فلیٹس کیسے بننے اور اس حوالے سے تمام ثبوت عدالت میں پیش کیے جاچکے ہیں۔

حدیبیہ پیپز ملز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عدالت وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کلین چٹ دے چکی ہے اور وہ اب ملزم نہیں رہے۔

مزید پڑھیں: پاناما کیس: معافی کے بعد اسحٰق ڈار ملزم نہیں رہے،سپریم کورٹ

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے جو شواہد عدالت میں پیش کیے وہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں اور دنیا کا کوئی بھی شخص اسے منی ٹریل تسلیم نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جیسا کہ جائیداد ن لیگ کی ہے تو بارِ ثبوت بھی انہی پر آتا ہے، جبکہ جو ثبوت پی ٹی آئی نے پیش کیے ان کی تصدیق بی بی سی اور جرمن اخبار بھی کرچکا ہے'۔

گذشتہ برس اپریل میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے ہونے والے انکشاف کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواستوں کی سماعت جاری ہے۔

پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)،جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی)، عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل)، جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی) اور طارق اسد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔

4 جنوری سے پاناما کیس پر درخواستوں کی سماعت سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں قائم نیا 5 رکنی لارجر بینچ کررہا ہے جس میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس اعجاز افضل، جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس گلزار احمد شامل ہیں۔

'عمران خان کی سیاست صرف کمیرے تک محدود'

پاناما لیکس کیس کے باعث ملکی سیاست میں کشیدگی اور حال ہی میں پارلیمنٹ کے اجلاس میں ہونے والی ہنگامہ آرائی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ن لیگ کے نہال ہاشمی نے پوری صورتحال کا ذمہ دار تحریک انصاف کو قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ 2013 کے عام انتخابات کے بعد سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا صرف ایک ہی مقصد رہا ہے کہ کسی طرح وزیراعظم بنا جائے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ 'عمران خان آج جو کچھ ہیں وہ میڈیا کے کیمروں اور کوریج کی وجہ سے ہے اور ان کی سیاست بھی یہیں تک ہی محدود ہے'۔

نہال ہاشمی نے الزام عائد کیا کہ اس وقت سب سے زیادہ کرپشن تحریک انصاف کے اپنے صوبے خیبرپختونخوا کے اندر ہے جہاں پر ایک احتساب کمیشن بنانے کی ضرورت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں