پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی پچیس رنز سے کامیابی

شائع August 23, 2013

پاکستانی کپتان محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔ اے ایف پی فوٹو۔
پاکستانی کپتان محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔ اے ایف پی فوٹو۔

ہرارے: ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو پچیس رنز سے شکست دے دی-

زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

تاہم پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور دونوں پاکستانی اوپنرز ناصر جمشید اور محمد حفیظ ایک بار پھر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے- ناصر دو جبکہ کپتان حفیظ صرف تین رنز بنا کر آوٹ ہو گئے-

ان کے آوٹ ہونے کے بعد احمد شہزاد اور عمر امین نے پاکستانی اننگز کو سنبھالا دینے کی کوشسش کی تاہم عمر امین اٹھارہ گیندوں پر چودہ رنز بنا کر ایک غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر اور کپتان برینڈن ٹیلر کے ہاتھوں اتسیا کا شکار بن گئے-

ان کے بعد اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے صہیب مقصود، شہزاد کا ساتھ دینے آئے- صہیب ابتدا میں گھبراہٹ کا شکار نظر آئے اور اپنی پہلی چھ گیندوں پر صرف ایک ہی رن بنا سکے تاہم چیگمبرا کی آمد نے انہیں کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم کر دیا-

چیگمبرا کی پہلی ہی گیند پر صہیب نے لونگ آن کی جانب اپنا پہلا چھکا لگایا اور ان کے بعد شہزاد نے بھی اسی اور میں دو مزید چوکے لگا کر اننگز میں رنز بنانے کی رفتار میں اضافہ کر دیا- پاکستان نے اپنے پہلے دس اور میں صرف 57 رنز سکور کئے تھے-

صہیب نے سولہ گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے چھبیس رنز بنائے- وہ چیگمبرا ہی کی بولنگ پر سباندہ کے شاندار کیچ کی بدولت پولین لوٹے- ان کے بعد شاہد آفریدی کو بیٹنگ کے لئے بھیجا گیا-

دوسری جانب شہزاد نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور انہوں نے پچاس گیندوں پر شاندار ستر رنز بنائے جن میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا- وہ اٹھارویں اوور میں مساکادزا کی بولنگ پر والر کے ہاتھوں بونڈری پر کیچ آوٹ ہوئے-

آفریدی نے انور علی کے ساتھ اننگز کا اختتام کیا اور اور دونوں بالترتیب تئیس اور دس رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے-

زمبابوے کی جانب سے چھتارا نے دو جبکہ مساکادزا اور اتسیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی-

162 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز خاصا خوصلہ افزاء تھا اور دونوں اوپنرز نے پاکستانی فاسٹ بولرز کے خلاف تیزی سے اسکور کرنا شروع کر دیا-

تاہم چٹھے اوور میں سعید اجمل کی آمد سے اسکورنگ ریٹ میں کمی آئی اور پھر انور علی نے مساکادزا کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا-

اوپنرز کے آوٹ ہونے اور اسپنرز کی آمد سے زمبابوے کو مشکلات نے آ گھیرا اور وہ مطلوبہ رن ریٹ کے مطابق اسکور کرنے میں ناکام رہے-

زمبابوے کی جانب سے مساکادزا نے اٹھارہ، سباندا نے 31 اور کپتان ٹیلر نے 32 رنز ناٹ آوٹ بنائے- ان کے علاوہ زمبابوے کا کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی اسپنرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور بیس اوورز کے اختتام پر زمبابوے صرف 136 رنز ہی بنا سکا جبکہ اس کے پانچ کھلاڑی آوٹ ہوئے-

پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے بیٹنگ میں تیز رنز بنانے کے بعد بولنگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور پچیس رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی-

ان کے علاوہ انور علی اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی- احمد شہزاد کو ان کی شاندار اننگ کا انعام میں آف دی میچ ایوارڈ کی صورت میں دیا گیا-

سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اسی گراؤنڈ پر کل کھیلا جائے گا-

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025