پیٹرسن کی سنچری، پروٹیز کی پوزیشن مستحکم

شائع August 3, 2012

Amla run out
انگلش کھلاڑی ہاشم آملا کو رن آئوٹ کرنے کے بعد خوشیاں منارہے ہیں۔ رائٹرز فوٹو

لیڈز: ساؤتھ افریقہ نے انگلینڈ کےخلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز الویرو پیٹرسن کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان  پر 262 رنز بناکر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے۔

ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان اینڈریو اسٹراس نے ٹاس جیت کر پروٹیز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ ان کا یہ فیصلہ ابتدا میں ہی غلط ثابت ہوا۔

ساؤتھ افریقن کپتان گریم اسمتھ نے اوپنر الویرو پیٹرسن کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 120 رنز بنائے، اسمتھ 52 کے انفرادی اسکور پر پریسنن کی گیند پر بیل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

کپتان اس اننگ کے دوران خوش قسمت بھی رہے کیونکہ چھ کے اسکور پر وہ سلپ میں اسٹراس کے ہاتھوں کیچ ہوئے تاہم امپائر نے بال کو غلط ’’ڈیڈ‘‘ قرار دیدیا۔

امپائر کا کہنا تھا کہ فن نے بولنگ اسٹارٹ کے دوران بولنگ اینڈ پر بیلز گرادی تھیں۔

ساؤتھ افریقہ کو اگلے 11 اوورز میں مزید دو بڑے دھچکے اٹھانا پڑے جب گذشتہ میچ میں ٹرپل سنچری بنانے والے ہاشم آملا اور سنچری میکر جیک کیلس محض کچھ رنز کے وقفے سے اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔

آملا 132 کے مجموعی اسکور پر نو رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ جیک کیلس بھی کچھ دیر کے مہمان ٹھہرے اور 157 کے امجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر کک اور اینڈرسن کے گٹھ جوڑ کا شکار بن گئے۔

اس موقع پر اے بی ڈی ویلیئرز نے الویرو پیٹرسن کو کریز پر جوائن کیا اور دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں قیمتی 97 رنز جوڑے۔

اس دوران پیٹرسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری بھی مکمل کرلی اور اس کے لیے انھوں نے 215 گیندیں کھیلیں اور گیارہ کو باؤنڈری کی راہ دکھائی۔

ڈی ویلیئرز 254 کے مجموعی اسکور پر براڈ کا شکار بنے، 47 رنز کی اننگز کے دوران وہ خوش قسمت بھی رہے جب براڈ کی جانب سے کرائے گئے دوسری نئی گیند کے پہلے اوور میں اینڈرسن نے سلپ میں ایک آسان کیچ گرادیا تھا۔

صرف دو اوورز بعد ہی فن نے نائٹ واچ مین ڈیل اسٹین کی وکٹیں بکھیردیں، وہ کوئی رن بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ جب بارش کی مداخلت کے باعث کھیل ختم ہوا تو پیٹرسن 124 اور جیک روڈلف ایک رن پر کھیل رہے تھے۔

پیٹرسن کا بھی اس اننگز کے دوران انگلش فیلڈرز اور قسمت نے بھرپور ساتھ دیا۔ 25 کے انفرادی اسکور پر کک نے سلپ میں ایک آسان کیچ گرادیا تھا۔

کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل جب سنچری میکرکا اسکور 119 تھا تو انھیں اسٹیفن فن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیدیا گیا تاہم ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کی مدد سے فیصلہ چیلنج کرنے کے نتیجے میں انھیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔

ری پلے میں گیند وکٹ سے اوپر جاتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔

یاد رہے کہ ساؤتھ افریقہ کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025