بی جے پی سیاسی فائدے کیلئے فرقہ وارانہ اختلافات کے بیج نہ بوئے، کانگریس کا انتباہ
پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد بھارت کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے حکمراں بی جے پی کو متنبہ کیا کہ وہ سیاسی فائدے کے لیے جذبات کا فائدہ اٹھا کر فرقہ وارانہ اختلافات کے بیج نہ بوئے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی غیر موجودگی میں منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں کانگریس نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بھی کہا کہ وہ اپنی نگرانی میں سیکیورٹی کی ناکامی کی تحقیقات کرائیں۔
ریاست بہار کے ضلع مدھوبنی میں تقریر کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پہلگام قتل عام پر اپنا پہلا عوامی تبصرہ کیا، انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ ہر دہشت گرد اور ان کے حامیوں کی شناخت کریں گے، ان کا سراغ لگائیں گے اور انہیں سزا دیں گے۔
بدھ کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے میں کم ازکم 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
کانگریس پارٹی کی ورکنگ کمیٹی نے سونیا گاندھی اور ان کے دونوں بچوں کی موجودگی میں منعقدہ ایک اجلاس میں سیکیورٹی کا مسئلہ اٹھایا۔
اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلگام ایک سخت سیکیورٹی والا علاقہ سمجھا جاتا ہے، جسے 3 سطح پر مبنی حفاظتی انتظامات کے ذریعے محفوظ بنایا گیا ہے، یہ ضروری ہے کہ انٹیلی جنس کی ناکامیوں اور سیکیورٹی کی کوتاہیوں کا ایک جامع تجزیہ کیا جائے جس کی وجہ سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اس طرح کا حملہ ہوا، جو براہ راست مرکزی وزارت داخلہ کے دائرہ کار میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سوالات وسیع تر مفاد عامہ میں اٹھائے جانے چاہئیں، یہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ان خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے جن کی زندگیاں اتنی بے رحمی سے تباہ کی گئی ہیں۔
مودی کا خطاب
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر کا آغاز سامعین سے پہلگام میں مارے گئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کیا، انہوں نے انگریزی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’دوستو! آج بہار کی سرزمین سے، میں پوری دنیا سے کہتا ہوں کہ بھارت ہر دہشت گرد اور ان کے حامیوں کی شناخت کرے گا، ان کا سراغ لگائے گا اور انہیں سزا دے گا، ہم زمین کے آخری سرے تک ان کا تعاقب کریں گے، دہشت گردی سے بھارت کا جذبہ کبھی نہیں ٹوٹے گا، دہشت گردوں کو سزا دیے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا‘۔
نریندر مودی ملک بھر میں پنچایتی راج (بلدیاتی اداروں) اور گرام سبھاؤں (گاؤں کی کونسلوں) سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر انہوں نے سیاسی طور پر اہم سمجھی جانے والی ریاست بہار میں کئی منصوبوں کا آغاز کیا جہاں اکتوبر میں انتخابات ہونے والے ہیں۔












لائیو ٹی وی