انتہائی اونچائی پر بنی ریمپ پر ماڈلز کو واک کروانے پر شو منتظمین کو تنقید کا سامنا
حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائے سمیت دیگر فیشن اور میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے حال ہی میں اے آر وائے پر نشر کیے گئے منفرد ماڈلنگ شو پر تنقید کا سامنا ہے۔
ایچ ایس وائے اور دیگر فیشن شخصیات کی جانب سے تیار کردہ ’سپر ڈیوا‘ نامی فیشن ریئلٹی شو کو اے آر وائے پر حال ہی میں نشر کیا گیا تھا۔
فیشن ریئلٹی شو کے دوران نوجوان فیمیل ماڈلز سے منفرد اور قدرے سخت اسٹنٹ بھی کروائے گئے، تمام اسٹنٹ کے دوران فیشن کا بھی خیال رکھا گیا تھا۔
فیشن ریئلٹی شو کے دوران ویل چیئر گیم سمیت دوسرے مقابلے بھی کروائے گئے جب کہ انتہائی اونچائی پر تیار کردہ پتلی ریمپ پر بھی لڑکیوں سے کیٹ واک کروائی گئی۔

اونچائی پر بنائی گئی ریمپ پر کیٹ واک کرواتے دوران لڑکیوں کو حفاظتی زنجیروں سے بھی باندھا گیا، انہیں روایتی لباس پہنانے کے بجائے ولایتی لباس یعنی پینٹ اینڈ شرٹس پہنا کر کیٹ واک بھی کرائی گئی۔
نوجوان فیمیل ماڈلز سے انتہائی اونچائی پر بنی ریمپ پر واک کروانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شو کے منتظمین پر تنقید کی جا رہی ہے جب کہ ٹی وی انتظامیہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔
زیادہ تر صارفین نے اونچائی پر بنی ریمپ پر لڑکیوں کے واک کو غیر محفوظ قرار دیا، ساتھ ہی صارفین نے ماڈلز کے انداز اور ان کے ریمپ دیکھنے والوں کی جانب سے انگریزی میں بات کرنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔
بعض صارفین نے شو کے فارمیٹ کو بھی آٓڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے فضول شو قرار دیا جب کہ کچھ مداحوں نے نشاندہی کی کہ ماڈلز کو روایتی لباس پہنایا جاتا تو شو پاکستانی لگتا، اب کسی طرح بھی شو پاکستانی نہیں لگ رہا۔
کچھ افراد نے فیشن ریئلٹی شو کو ’تماشا گھر‘ کی کاپی قرار دیا اور نشاندہی بھی کی کہ ماڈلز کو پہلے ریہرسل کروائی جاتی تو اچھا ہوتا۔












لائیو ٹی وی