شکار پور: ڈاکوؤں نے اینٹیں خریدنے کے بہانے بلاکر بھٹہ مزدور اور ڈرائیور کو اغوا کرلیا

شائع May 22, 2025
سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے سادہ لوح شہریوں کے اغوا کا سلسلہ معمول ہے
—فائل فوٹو:
سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے سادہ لوح شہریوں کے اغوا کا سلسلہ معمول ہے —فائل فوٹو:

صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور میں ڈاکوؤں نے اینٹیں خریدنے کے بہانے بلاکر بھٹہ مزدور اور ڈرائیور کو اغوا کر لیا، کشمور پولیس نے کچے میں آپریشن کرکے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اغوا کی واردات نواحی گاؤں جہاں واہ کے قریب ہوئی، مغوی اینٹوں کے بھٹے پر کام کرتے تھے، جن کی شناخت اسلم سندرانی اور اعظم سندرانی کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈاکو مزدور اور ڈرائیور کو اغوا کرکے کچے کی طرف فرار ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر کشمور پولیس نےگیھل پور اور حاجی خان شر تھانوں کی حدود میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) زبیر نذیر احمد شیخ کے مطابق دوران آپریشن 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کی تلاشی کے بعد 3 ٹھکانے جلا کر مسمار کردیے ہیں، مغویوں کی تلاش اور مزید تفتیش جاری ہے، جنہیں جلد بازیاب کرالیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے سادہ لوح شہریوں کے اغوا کا سلسلہ معمول ہے، شہریوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے بھی اغوا کرلیا جاتا ہے، پولیس اس حوالے سے متعدد بار ایڈوائزری جاری کرچکی ہے۔

عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ کسی لڑکی سے فون پر دوستی، سستی گاڑی، یا مویشی وغیرہ کی ڈیل کے سلسلے میں اگر انجان اور اجنبی لوگوں سے بات ہو تو گھوٹکی، شکار پور اور کچے کے دیگر اضلاع کا رخ نہ کریں، کیوں کہ خدشہ ہے کہ آپ اغوا ہوسکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025