وزیرداخلہ سندھ کا سی ای او کے الیکٹرک کے وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ
وزیرداخلہ ضیاالحسن لنجار نے کہا ہے کہ اگر کےالیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو افسر اجلاس میں نہیں آئے تو پھر ان کے وارنٹ جاری کریں گے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وزرا نے الیکٹرک کے خلاف شکایات کے انبار لگادیے، اور اسپیکر اسمبلی سے سی ای او کے الیکٹرک کے رویے کی بالخصوص شکایت کی۔
پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے ایم پی اے آصف نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ہو رہے ہیں اور کے الیکٹرک 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کررہی ہے، یوں کے الیکٹرک بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ای او کے الیکٹرک کو دو مرتبہ بلایا گیا لیکن وہ نہیں آئے لہذا انہیں پابند کیا جائے کہ وہ آئیں اور کمیٹی کے ارکان کے ساتھ میٹنگ کریں۔
ایک اور رکن اسمبلی نے کہا کہ کے الیکٹرک نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک سے نجات دلائی جائے اور اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔
وزیرداخلہ ضیا لنجار نےکہا کہ اراکین اسمبلی کمزور نظر آرہے ہیں، ایسا نہیں ہے کہ عوام کےساتھ زیادتی ہو رہی ہو اور وہ صاحب (سی ای او کے الیکٹرک) اسمبلی کو جواب دہ نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک تاریخ مقرر کرلی جائے تو پھر انہیں نوٹس بھیجیں گے، اگر وہ نہیں آئے تو پھر وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے کہا اس میٹنگ میں انہیں بھی بلایا جائے، پھر انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا کہ وہ بھی اس اجلاس میں شامل ہوں۔












لائیو ٹی وی