بھارت افغانستان میں اپنا اہم کردار ادا کرے، امریکہ
نئی دہلی : امریکی وزیرِ دفاع لیون پینٹا اپنے دوروزہ دورے پربھارت پہنچ گئے ہیں جہاں وہ افغانستان میں بھارت کے مزید وسیع کردار کے لئے اس کی حوصلہ افزائی کریں گے، خصوصاً جبکہ اتحادی افواج ایک عشرے سے زائد جاری جنگ کے بعد افغانستان سے واپسی کی تیاریاں کررہی ہیں۔
ایک افسرنے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ افغانستان میں اثرورسوخ بڑھانے کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان چپقلش جاری ہے لیکن اس پر زور دیا کہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ وہ اپنے پڑوسی ملک میں استحکام کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ ملکر کام کریں۔
" پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی بد اعتمادی اور تناو کے خطرات موجود ہیں جس کے تحت دونوں افغانستان میں اپنے اپنے کردارکو ٹکراو کی صورت میں دیکھ سکتے ہیں۔ "
تاہم ایک اورافسر نے کہا کہ ضروری نہیں کہ یہ پہلے سے طے شدہ ہواورشاید اس معاملے میں ایسا نہ ہو۔
پاکستان، افغانستان میں گہرا اثرورسوخ رکھتا ہے تاہم بھارت افغانستان کی مدد کرنے والے بڑے ممالک میںشامل ہے جس نے دوہزارایک میں افغانستان پر حملے کے بعد افغان پارلیمنٹ کی تعمیر سے لے کر شاہراہیں بنانے جیسے منصوبوں کے لئے دو ارب ڈالرعطیہ کئے ہیں۔
گزشتہ سال اکتوبرمیں افغانستان اور بھارت نے تعلقات میں مزید گہرائی کے لئے ایک معاہدہ کیا جس کے تحت بھارت کی جانب سے افغان سیکیوریٹی فورسز کو تربیت فراہم کرنا تھی اور اس معاہدے پر پاکستان نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
اسی افسرنے بتایا کہ افغانستان میں امن و امان سے پاکستان اوربھارت دونوں کے وہی مفادات ہیں جو ہمارے ہیں جس سے پاکستان پُرامن اور مستحکم اور بھارت مزید مستحکم ہوگا۔
لیون پینیٹا اس وقت ایشیا کے ایک ہفتے کے دورے پر ہیں تاکہ اتحادیوں کو خطے میں امریکہ کی نئی دفاعی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا جاسکے جس کے تحت امریکہ اب ذیادہ توجہ ایشیا اور بحرالکاہل خطے پرمرکوز کرےگا۔ ہفتے کو سنگاپور میں ایک دفاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پینیٹا نے دوہزار بیس تک علاقے میں اپنی عسکری حکمت عملی کو ازسرِنو ترتیب دینے کا بھی اعلان کیا جس کے تحت بحری بیڑوں کی موجودہ پچاس فیصد تعداد کو ساٹھ فیصد تک بڑھایا جائےگا۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے نزدیک امریکہ بحرِہند اور اس سے وابستہ خطے میں بھارت کو ایک اہم مقامی ساتھی کےطور پر دیکھتا ہے جو نئی امریکی حکمتِ عملی میں بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
اپنے دورے میں پینٹینا بھارت سے دفاعی و عسکری معاملات اور اسلحے کی خرید و فروخت پر بھی بات کریں گے کیونکہ امریکہ بھارت کو دفاعی سازوسامان فروخت کرنے والا ایک اہم ملک بننے کا خواہاں ہے۔












لائیو ٹی وی