خود کو ٹیم کا بہترین بلے باز نہیں مانتا، آملا

جوہانسبرگ: ٹیسٹ اور ایک روزہ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان جنوبی افریقہ ٹاپ آرڈر بلے باز ہاشم آملا کا کہنا ہے کہ وہ خود کا ٹیم کا بہترین بیٹسمین نہیں مانتے۔
آملا نے جوہانسبرگ میں پاکستان کیخلاف کھیلے گئے میچ کی دوسری اننگ میں ناقابل شکست 74 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں ہاتھ بٹانے کے ساتھ ساتھ مائیکل کلارک سے ٹیسٹ کے بہترین بلے باز کا اعزاز چھینتے ہوئے انہیں دوسرے نمبر پر دھکیل دیا تھا۔
اس کے ساتھ ہی وہ سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں پہلی پوزیشن پانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے، پونٹنگ نے یہ اعزاز دسمبر 2007 میں حاصل کیا تھا۔
آملا نے کہا کہ یہ سال ہمارے اسکواڈ کیلیے انتہائی شاندار رہا ہے اور اگر سچ کہوں تو میرا نہیں خیال کہ میں ٹیم کا بہترین بلے باز ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے بہترین چیز یہ ہے کہ ہمارے اسکواڈ میں سے ہر کسی نے آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے اور گزشتہ کچھ سالوں سے ہماری کامیابی کی یہی وجہ ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت ٹیسٹ رینکنگ کے ابتدائی دس بلے بازوں میں جوہانسبرگ میں سنچری بنانے والے اے بی ڈی ویلیئرز اور ٹاپ آل راؤنڈر جیک کیلس بھی شامل ہیں جو بالترتیب چوتھے اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔
بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلنگ میں بھی جنوبی افریقی کی اجارہ داری قائم ہے جہاں پاکستان کیخلاف کیریئر بیسٹ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ وکٹیں لینے والے ڈیل اسٹین پہلے جبکہ ان باؤلنگ پارٹنر ورنون فلینڈر دوسرے اور مورنے مورکل نویں درجے پر موجود ہیں۔











لائیو ٹی وی