پاکستان افغان کرکٹروں کی تربیت کرے گا

شائع January 10, 2014

لاہور: افغانستان کی انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم اگلے مہینے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے کل پاکستان پہنچ رہی ہے۔

افغان ٹیم چودہ فروری سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایونٹ کے لیے تین ہفتوں تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ماہر کوچوں کے زیر تربیت رہے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو بتایا کہ مہمان ٹیم لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان کی انڈر نائنٹین ٹیم کے خلاف تین میچوں سمیت دوسری مقامی ٹیموں کے ساتھ آٹھ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔

انڈر نائنٹین ورلڈ کپ میں افغانستان کے آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور نمیبیا سے گروپ مقابلے ہوں گے۔

دو ہزار بارہ کے ورلڈ کپ میں محض ایک میچ جیتنے اور ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی تک ناکامی کے بعد افغانستان اس مرتبہ بہتر نتائج کی امید کر رہی ہے۔

افغانستان کی نوجوان ٹیم نے گزشتہ مہینے ایشیا کرکٹ کونسل کے انڈر نائنٹین ایشیا کپ میں سری لنکا کو ہرانے کے بعد سیمی فائنل میں پاکستان کے ساتھ کھیل کر ہلچل مچائی تھی۔

پاکستان نے بھی کوچنگ، تربیتی سہولیات اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مواقع فراہم کر کے افغان نیشنل ٹیم کو عالمی سطح پر ابھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔

افغانستان میں کرکٹ کو مقبول بنانے کا سہرا ان پناہ گزینوں کو جاتا ہے جو انیس سو اسی کی دہائی میں سویت دور میں پاکستان کے پناہ گزین کیمپوں میں چلے آئے تھے۔

خیال رہے کہ افغانستان کی قومی ٹیم 2015 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ میں پہلی مرتبہ شرکت کرے گی۔

افغانستان رواں سال مارچ - اپریل میں بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی حصہ لے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025