بنگلہ دیش:حسینہ واجد تیسری مرتبہ وزیر اعظم بن گئیں

شائع January 12, 2014

ڈھاکا:بنگلہ دیش میں اپوزیشن کے بائیکاٹ، جان لیوا عام انتخابات کے بعد خراب ہوتی سیاسی صورتحال میں شیخ حسینہ واجد نے اتوار کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب دارالحکومت ڈھاکا میں ہوئی جہاں صدر عبدالحامد نے صدارتی محل میں ان سے حلف لیا۔

ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر ہونے والی اس تقریب میں حسینہ واجد کی اڑتالیس رکنی کابینہ نے بھی حلف اٹھایا۔

تقریب میں ایک ہزار کے قریب اعلٰی سرکاری و فوج افسران، غیر ملکی سفیر اور نومنتخب رکن اسمبلی بھی شریک تھے۔

ملکی تاریخ میں سب سے جان لیوا سمجھے جانے والے حالیہ الیکشن میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے بائیکاٹ کے باوجود حسینہ واجد اپنی کامیابی کو جائز قرار دینے پر مصر ہیں۔

خیال رہے کہ پانچ جنوری کو ہونے والے عام انتخابات میں حسینہ واجد کی عوامی لیگ نے تقریباً اسی فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جس کے بعد وہ اگلے پانچ سال تک بطور وزیر اعظم کام کر سکتی ہیں۔

تاہم سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ گہرے ہوتے سیاسی بحران، عالمی برادری اور اپوزیشن کی جانب سے نئے الیکشن کے مطالبات کے پیش نظر نئی حکومت زیادہ عرصہ تک نہیں چل سکے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025