شمالی وزیرستان: گاڑی پر فائرنگ، چار افراد ہلاک

شائع March 12, 2014

پشاور: افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ بدھ کو شمالی وزیرستان کے مرکزی شہر میران شاہ میں پیش آیا۔

ایک سینیئر سیکورٹی عہدے دار نے اے ایف پی کو بتایا کہ کچھ مسلح افراد نے میران شاہ بازار میں ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس سے تین مبینہ جنگجو اورایک راہگیر ہلاک ہو گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں نے گاڑی پر راکٹ بھی برسائے۔

ایک اور سیکورٹی افسر نے بھی حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہلاک ہونے والے جنگجو کس گروپ سے تعلق رکھتے تھے۔

اب تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

سرکاری حکام کا خیال ہے کہ یہ واقعہ مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی طالبان کے ایک اہم رہنما عصمت اللہ شاہین کو اسی طرح کے ایک حملے میں ہلاک کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025