پاکستان، سری لنکا جے وردھنے کی الوداعی ٹیسٹ سیریز کیلئے تیار

شائع August 4, 2014

گال: میزبان سری لنکا پاکستان کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز جیت کر سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کو یاد گار انداز میں خیر آباد کہنے کی امید کر رہا ہے۔

دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جے وردھنے پاکستان کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

سن 1997 میں ڈیبیو کرنے والے وردھنے اب تک 147 ٹیسٹ میچوں میں11671 رنز بنا کر سب سے زیادہ ٹیسٹ سکور کرنے والوں کی فہرست میں گیارہوں نمبر پر ہیں۔

سینتیس سالہ بلے باز اپریل میں سری لنکا کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائیٹل جیتنے کے بعد اس مختصر فارمیٹ کو بھی خیر آباد کہہ چکے ہیں۔

تاہم انہیں امید ہے کہ وہ اگلے سال ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر سکیں گے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 50.09 کی قابل ستائش اوسط رکھنے والے سری لنکن بلے باز نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار 374 رنز بنائے تھے۔ یہ ان کی 34 ٹیسٹ سنچریوں میں سے سب سےبہترین سکور تھا۔

بدھ سے شروع ہونے والی سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان چھ سالوں میں چھٹی سیریز ہو گی۔

سری لنکا کے لیڈنگ ٹیسٹ بلے باز وردھنے قریبی دوست کمار سنگاکارا کے کُل 11665 رنز سے محض چھ رنز ہی آگے ہیں۔

سری لنکن حکام نے وردھنے کی آخری سیریز کے لیے ان کے دو پسندیدہ وینیوز گال انٹرنیشنل سٹیڈیم اور کولمبو میں سنہالیز سپورٹس کلب کا انتخاب کیا ہے۔

انہوں نے گال میں 22 ٹیسٹ میچوں میں 2297 اور کولمبو میں 26 میچوں میں 2863 رنز بنا رکھے ہیں۔ یہ کسی بھی میدان پر ایک بلے باز کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے تسلیم کیا ہے کہ جے وردھنے کی ریٹائرمنٹ سے 'ایک بڑا خلاء پیدا ہوگا'۔

تاہم انہوں نے امید کی کہ ٹیم اس اہم موقع پر اپنے مستقبل کے اہداف سے نظر نہیں ہٹائے گی۔

'ہمیں یہ سیریز جے وردھنے اور سری لنکن کرکٹ کے مستقبل کے لیے ضرور جیتنی ہو گی'۔

عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر موجود سری لنکا 2009 کے بعد سے پاکستان کو پانچ ٹیسٹ سیریز میں سے دو میں شکست دے چکی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئی ہیں۔

موجودہ سیریز فیوچر ٹورز پروگرام کاحصہ نہیں۔ اس ٹور کو پاکستان کی درخواست پر آخری لمحات میں طے کیا گیا کیونکہ گرین شرٹس کی جنوری سے اکتوبر کے درمیان کوئی مصروفیت نہیں تھی۔

عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان نے آخری مرتبہ 2012 یو اے ای میں انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔

اس مرتبہ ہیڈ کوچ وقار یونس اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی موجودگی میں وہ اس عرصے میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کی امید کر رہی ہے۔

اس سیریز میں پاکستان کے سٹار سعید اجمل اور عبدالرحمان جبکہ سری لنکا کے قابل بھروسہ رنگنا ہیراتھ اور دلروان پریرا کی موجودگی میں سپن کا شعبہ غالب رہنے کا امکان ہے۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ سری لنکا میں سپن باؤلنگ ہمیشہ سے اہم رہی ہے اور اس مرتبہ بھی ایسا ہی ہو گا۔

'ہمارے پاس جیتنے کے لیے وسائل موجود ہیں لیکن ہمیں اپنا بہترین دکھانا ہو گا'۔

اٹھارہ اگست کو ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ون ڈے میچ بھی کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025