پنجاب: سیلاب سے متاثرہ ہر ضلع کیلئے10 کروڑ امداد کا اعلان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے متاثرہ ہر ضلع کے لیے دس کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
ضلع چنیوٹ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ وہ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوے فیصلہ آبادی سیلاب سے قبل ہی نقلِ مکانی کرچکی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نقلِ مکانی کرنے والے افراد کو غذائی اشیاء اور ادویات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد حاصل کی جارہی ہے۔
دوسری جانب صوبائی کمیٹی برائے فلڈ ریلیف کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے بے گھر ہونے والے ہر خاندان کو عیدالاضحی سے قبل بیس ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔
صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ ریلیف کے مطابق حالیہ سیلاب میں اب تک اٹھارہ لاکھ شہری متاثر جبکہ دس لاکھ پانچ ہزار آٹھ سو بہتر ایکڑ زمین کو نقصان پہنچا ہے۔
کمیٹی کے رکن زمان قادر کے مطابق ایک لاکھ چالیس ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان افراد کی بحالیِ نو کے لیے حکومت نے پانچ سو ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں۔
ایک بیان میں پاک فوج کا کہنا ہے کہ ریلیف کے آپریشن کو اب پنجاب کے دیگر علاقوں کی جانب پھیلایا گیا ہے جہاں دریائے چناب میں سیلاب آنے کے بعد بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان کے صوبے پنجاب اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور سیلاب سے کم سے کم 256 افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بدھ کو خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سیلاب سے صوبے پنجاب میں کم از کم 1,091,807 افراد متاثر ہوئے ہیں، اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 31,800 ہے۔












لائیو ٹی وی