• KHI: Clear 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 8.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 8.7°C
  • KHI: Clear 16.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 8.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 8.7°C

حقانی نیٹ ورک، جماعۃ الدعوۃ پر پابندی: حکومت کی پراسرارخاموشی

شائع January 21, 2015

اسلام آباد: دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے بنائے جانے والے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے پاکستانی وزارت داخلہ نے جماعت الدعوۃ اور حقانی نیٹ ورک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے تاہم حکومت اس کے اعلان میں کچکچاہٹ کا شکار ہے۔

وزارت داخلہ میں ایک عہدیدار نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ امریکا کی جانب سے کئی بار حقانی نیٹ ورک اورجماعت الدعوۃ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاہم حکومت اس معاملے میں تذبذب کا شکار تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں پشاورکے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کی جانب سے حملے کے بعد حکومت نے اچھے اور برے طالبان کا امتیاز کئے بغیر سب تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان ڈاٹ کام کو حاصل ہونے والے ایک دستاویز کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیموں کی فہرست میں مزید تنظیموں کے نام شامل کرلیے ہیں جن میں حرکتۃ الجہاد اسلامی، حرکتۃ المجاہدین، فلاح انسانیت فاونڈیشن، اُمہ تعمیر نو، حاجی خیراللہ حاجی ستار منی ایکسچینج، راحت لمیٹڈ، روشن منی ایکسچینج، الاختر ٹرسٹ، الرشید ٹرسٹ، حقانی نیٹ ورک اور جماعۃ الدعوۃ شامل ہیں۔

عہدیدار کا کہنا ہے کہ جان کیری نے اپنے حالیہ پاکستانی دورے میں حکومت کی جانب سے حقانی نیٹ ورک اور جماعۃ الدعوۃ پر پابندی لگانے کے فیصلے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے احکامات جاری کردیے ہیں کہ وہ حقانی نیٹ ورک اور جماعۃ الدعوۃ سمیت دیگر تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

افغانستان سے تعلق رکھنے والے جلال الدین حقانی کے بنائے گئےعسکری گروپ حقانی نیٹ ورک کوافغانستان میں امریکی فوجوں پر متعدد حملوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے اقوام متحدہ نے 2012 میں پابندی لگا دی گئی تھی۔

ادھرامریکا اور ہندوستان کی جانب سے ہمیشہ سے حافظ سعید کی تنظیم جماعۃ الدعوۃ (جو کہ کالعدم لشکرطیبہ کی ایک ذیلی شاخ تصور کی جاتی ہے) کو 2008 میں ممبئی میں ہونے والے حملوں کا ذمہ دار ٹہرایا جاتا رہا ہے۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوتے متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر ریٹائرڈ کرنل طاہر حسین مشہدی کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک اور جماعۃ الدعوۃ پر پابندی کے حوالے سے گذشتہ روز سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبران نے وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد اصغر چوہدری سے سوالات کئے تھے۔

مشہدی کا کہنا تھا کہ محمد اصغر نے کمیٹی کے ممبران کو بتایا کہ وزارت کی جانب سے دونوں تنظیموں کو مشاہدے میں رکھنے کا کہا گیا ہے تاہم وہ اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کرسکے۔

ایم کیو ایم کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ حکومت نے ان دونوں جماعتوں پر پابندی لگا دی ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے کہا جا چکا ہے کہ وہ اچھے اور برے طالبان میں کوئی تفریق نہیں رکھیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وریز داخلہ چوہدری نثار نے دونوں تنظیموں پر پابندی کے حوالے سے سوال پر کوئی جواب نہیں دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 1 جنوری 2026
کارٹون : 31 دسمبر 2025