سری لنکا ون ڈے سیریز، عرفان نیشنل اکیڈمی طلب
لاہور: سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے ممکنہ امید وار محمد عرفان کو تربیت کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کر لیا گیا۔
امید کی جا رہی ہے کہ سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ون ڈے سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ڈان کو بتایا کہ سلیکٹرز نے حال ہی میں فیصل آباد میں ختم ہونے والے رمضان کپ میں عرفان کی پرفارمنس دیکھی ۔
دراز قد ٹیسٹ باؤلر کو انجری سے محفوظ رکھنے کیلئے سلیکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نگرانی میں این سی اے میں تربیت کروائی جائے۔
ہارون کے مطابق، اچھی فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کی صورت میں انہیں پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں منتخب کیا جا سکتا ہے۔
چیف سلیکٹر کہتے ہیں’عرفان کیلئے مناسب نہیں کہ وہ مزید چھوٹے موٹے مقامی ایونٹس میں حصہ لیں‘۔
ورلڈ کپ کے دوران زخمی ہونے والے دراز قد عرفان کو فٹ رہنے کیلئے اضافی احتیاط درکار ہے۔
بنگلہ دیش دورہ اور بعد میں زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں عدم شرکت کے بعد اب موقع ہے کہ وہ عالمی کرکٹ میں واپس آ سکیں۔
ہارون کے مطابق، سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ منتخب کرنے کا ابتدائی عمل شروع کر دیا ہے لیکن وہاب ریاض اور حارث سہیل کے زخمی ہونے کی وجہ سے سلیکٹرز سکواڈ فائنل کرنے سے قبل دونوں کھلاڑیوں کی حتمی طبی رپورٹ کے منتظر ہیں۔
’ابتدائی معلومات کے مطابق، وہاب اور حارث کو صحت یاب ہونے میں دو سے تین ہفتے درکار ہیں لہذا سلیکٹر حتمی سکواڈ کے انتخاب سے پہلے دونوں کی تفصیلی طبی رپورٹ دیکھنا چاہتے ہیں‘۔
کولمبو میں جاری ٹیسٹ میچ کے حوالے سے ہارون نے پاکستانی بلے بازوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا پہلی اننگز میں 177 رنز کے خسارے میں جانے کے باوجود متاثر کن واپسی پاکستان کرکٹ کیلئے اچھا شگون ہے۔












لائیو ٹی وی