زرداری کی رینجرز کے اختیارات میں توثیق کی ہدایت
دبئی: پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی سے آرٹیکل 147 کے تحت پاکستان رینجرز کے قیام کے لئے فوری طور پر توثیق کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو زرداری ہاؤس دبئی میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
دبئی میں ہونے والے افطار ڈنر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر رحمن ملک، وزیر خزانہ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن، وزیر داخلہ سندھ سہیل سیال اور دیگر صوبائی وزراء نے شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے سندھ حکومت کو ہدایات دیں کہ سندھ اسمبلی سے رینجرز کے قیام کے لیے فوری طور پر توثیق کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا عسکری اور سول قیادت مل کر مقابلہ کریں گے۔
شمالی وزیرستان میں جاری کارروائی پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں اعلیٰ فوجی قیادت کا کردار قابل ستائش ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے چھٹکارا دلوا کر ہی دم لیں گے۔
لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سرحد پار سے ہونے والی شیلنگ پر ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے بارڈر پر اشتعال انگیز جارحیت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 17 جون کو آصف زرداری نے پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب میں اسٹیبلشمنٹ اور مقتدر حلقوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : زرداری کی سیاسی حریفوں اور اسٹیبلشمنٹ پر تنقید
سابق صدر آصف زرداری نے فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کا کہنا تھا کہ فوج کے جنرل ہر تین سال میں تبدیل ہوتے رہتے ہیں البتہ سیاستدان ملک میں ہمیشہ رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بہتر جانتے ہیں کہ ملک کے معاملات کو کیسے چلانا ہے۔
بعد ازاں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ان کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آصف زرداری نے کسی بھی ادارے پر تنقید نہیں کی۔
ویڈیو دیکھیں : 'آصف زرداری نے کسی ادارے کے خلاف بات نہیں کی'
البتہ آصف زداری کے اس خطاب کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے ان سے طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ تقریر کے بعد نواز شریف کی آصف زرداری سے ملاقات منسوخ کرنا ضروری تھا۔
وزیراطلاعات کا بیان : 'وزیراعظم کی زرداری سے ملاقات منسوخ'
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اس خطاب کے ایک ہفتے بعد ہی ملک سے باہر چلے گئے تھے۔
آصف زرداری 25 جون سے دبئی میں مقیم ہیں جبکہ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام بھی دبئی میں کیا تھا۔
مزید پڑھیں : آصف زرداری دبئی روانہ
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی اس افطار ڈنر میں شرکت کرنا تھی مگر وہ نامعلوم وجوہات کے باعث دبئی نہ جا سکے۔











لائیو ٹی وی