• KHI: Partly Cloudy 25.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.3°C
  • ISB: Rain 15.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 25.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.3°C
  • ISB: Rain 15.6°C

عید کے پہلے دن سویاں بنائیں

شائع July 18, 2015 اپ ڈیٹ June 15, 2018

رمضان اور میٹھی عید کا نام سنتے ہی مجھے اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ گزارے ہوئے لمحے یاد آجاتے ہیں، جن میں کھانے، ہنسی مذاق، خوشیاں، اور سویاں شامل ہوتی تھیں۔

ہر عید پر میری والدہ سب سے لذیذ سویاں بناتی تھیں، لیکن یہ صرف عید کے عید بنا کرتیں۔ جب میرے والد مسجد سے عید کی نماز پڑھ کر گھر آتے، تو ہم سب عیدی کے لیے لائن بنا کر کھڑے ہوجاتے، اور ہمارے زبردست باورچی بشر عید کے کھانوں سے لدی ہوئی ٹرالی لاتے جن میں سنہرے رنگ کی سویاں ہمیشہ سب سے آگے درمیان میں رکھی ہوتی تھیں۔

مجھے سویاں تب تک کچھ خاص پسند نہیں تھیں جب تک کہ میری والدہ نے ایک دن کہا کہ میں سویاں پسند کیے بغیر کھانوں کی شوقین کیسے کہلوا سکتی ہوں۔ میرے شوق پر ان کے اس شک نے مجھے ایک بار پھر سوچنے پر مجبور کر دیا، اور 1993 کی عید الفطر پر میں نے پہلی بار سویاں کھائیں، اور میں تب سے ہی ان کی دلدادہ ہوگئی۔

سویاں اور شیر خرما دونوں ہی عید کی پسندیدہ ڈشز ہیں، اور مغلئی تصور کی جاتی ہیں۔ فارسی زبان میں شیر دودھ کو اور خرما کھجوروں کو کہا جاتا ہے۔ سویاں ان میں کیسے شامل ہوئیں، اس بارے میں کوئی حتمی طور پر نہیں جانتا۔

شاہی باورچی خانے کے باورچیوں نے سویوں کی تہہ کے ساتھ حلوے کی طرز کی گھی اور چینی کی ایک مٹھائی تیار کرنی چاہی۔ دودھ استعمال کیا گیا لیکن بہت تھوڑی مقدار میں، اور میٹھے کو ہر طرح کے خشک میوہ جات سے سجایا گیا۔

ایلن ڈیوڈسن کی کتاب The Oxford Companion To Food میں سویوں کے بارے میں درج ہے کہ:

سیو اور سیویاں نوڈلز کے لیے ہندوستانی لگظ ہے۔ سنسکرت میں نوڈلز کو سیویکا کہا جاتا ہے، جو شاید ایک نامعلوم لفظ سے نکلا ہوگا جس کا مطلب جڑ سے جڑا ہوا دھاگہ ہوگا۔

سیو خستہ تلی ہوئی نوڈلز ہوتی ہیں جنہیں بیسن کے آٹے سے تیار کیا جاتا ہے۔ انہیں اسپیشل بنانے کے لیے سیو میکر استعمال کیا جاتا ہے، اور یہ برِصغیر کی ایک مقبول ڈش ہے۔

سیویاں (اور سیویا، سویا، یا شوائی) نوڈلز کی ایک میٹھی ڈش ہے، اور ان نوڈلز کو آٹے سے تیار کیا جاتا ہے۔)

فائن ڈائننگ نیوزلیٹر میں شائع ہونے والے ایک مضمون (Celebrating Eid-al-Fitr around the world (and the table میں جیمز برینن عید پر سویاں پیش کرنے کے بارے میں یہ لکھتے ہیں:

"دنیا بھر میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی گھرانے سویاں کھیر کے ساتھ عید مناتے ہیں۔ یہ میٹھی ڈش مغلئی پکوان ہے جس میں خستہ سویوں کو دودھ، الائچی، پستہ، زعفران، اور گھی شامل ہوتا ہے، جنہیں چاندی کے ورق کے ساتھ ٹھنڈا یا گرم پیش کیا جاتا ہے۔ سیویاں عید کے دن کئی روپ میں نظر آتی ہیں: شیر خرما میں کھجوریں اور کاجو ہوتے ہیں، جبکہ میٹھی سویوں میں دودھ کے علاوہ باقی سب چیزیں شامل ہوتی ہیں۔"

عام طور پر سویوں کی تیاری میں تازہ کھجوریں، چھوہارے، اور کئی خشک میوہ جات استعمال کیے جاتے ہیں۔

ایک جریدے The Edible Magazine نے عید کے موقع پر ایک زبردست اسٹوری کی جس میں کھجوروں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

"شام کے وقت کھجور کھانا اتنا ہی پرانا رواج ہے جتنا کہ رمضان المبارک۔ حضرت محمد ﷺ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنا روزہ اسی پھل سے افطار کرتے تھے، جو دنیا کا شیریں ترین پھل ہے۔ یہ میٹھا پھل کسی بھی روزے دار کو فوراً بھرپور توانائی بخشتا ہے، اور روزے کے بعد چند کھجوریں ذہن اور جسم کو تقویت دیتی ہیں۔ اس لیے اس میں کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ ایک مہینے کی سخت ریاضت اور روزوں کے بعد عید کی صبح جو پکوان تیار کیا جاتا ہے، وہ کھجوروں سے بھرپور ہوتا ہے۔"

سویوں کو تھوڑی مقدار میں دودھ، کھجوروں، اور طرح طرح کے خشک میوہ جات کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے تاکہ یہ ایک بھرپور اور لذیذ پکوان بن سکے۔ سویاں اور شیر خرما روایتی مسلم ناشتہ یا میٹھی ڈش ہے جسے خوشی کے اس موقع پر مہمان نوازی کی علامت کے طور پر خاندان والوں اور دوستوں کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔

سڈنی منٹز، مائیکل کرونڈل، ایرک راتھ، لارا میسن، جیرالڈین کوئینزیو، اور ارسلا ہائنزلمین The Oxford companion of sugar and sweets میں پاکستان میں عید الفطر کی مخصوص میٹھی ڈشز کے بارے میں لکھتے ہیں:

"رمضان کا اختتام، جسے عید الفطر کہا جاتا ہے، سویوں اور شیر خرما جیسی میٹھی ڈشز کے ساتھ منایا جاتا ہے، جنہیں گاڑھے میٹھے دودھ میں خشک میوہ جات کے ساتھ پکایا جاتا ہے۔ ایک اور روایتی میٹھی ڈش زردہ ہے، جو میٹھے زعفران والے چاول ہوتے ہیں، جن میں دودھ، چینی، خشک میوہ جات، اور گلاب کا عرق بھی شامل کیا جاتا ہے۔"

آج جو ترکیب میں آپ کے ساتھ شیئر کرنے جا رہی ہوں، وہ شاذلی آنٹی کی ہے۔ یہ لذیذ ہے، اور جلد تیار ہوجاتی ہے۔ اب یہ میرے کچن سے آپ کے کچن کا رخ کر رہی ہے۔

اجزاء (4 سے 6 افراد کے لیے)

2 کپ سویاں (موٹی پسی ہوئی)

ڈھائی کپ ملائی والا دودھ

تین چوتھائی کپ چینی، یا حسبِ ذائقہ

2 سے 3 کھانے کے چمچ مکھن (یا زیادہ)

10 سے 12 الائچیاں

6 خشک کھجوریں (لمبائی میں کاٹ لیں)

تین چوتھائی کپ خشک میوہ جات

نمک کی چٹکی

طریقہ کار

مکھن کو گرم کر لیں، سویاں شامل کریں، اور کچھ منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر تلیں۔

فرائنگ پین سے نکال کر الگ کر لیں۔ اسی پین میں خشک میوہ جات، کھجوریں، الائچیاں تلیں، دودھ، چینی، اور نمک شامل کریں، اور تب تک پکائیں جب تک کہ دودھ خشک نہیں ہوجاتا۔ گرم یا ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

انگلش میں پڑھیں۔

بسمہ ترمزی

لکھاری ڈان کی سابق اسٹاف ممبر ہیں اور اب ایک فری لانس جرنلسٹ کے طور پر کام کررہی ہیں۔

انہیں کھانوں، موسیقی اور زندگی کی عام خوشیوں سے دلچسپی ہے۔ ان سے ان کے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Jul 19, 2015 06:21am
Interesting article but woefully incomplete without any mention of a regional delicacy called Banarsi Swayyian

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025