• KHI: Partly Cloudy 16.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.3°C
  • ISB: Sunny 14.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.3°C
  • ISB: Sunny 14.3°C

الیکشن دھاندلی: 'پی ٹی آئی کے الزامات مسترد'

شائع July 23, 2015

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ وزارت قانون و انصاف کے ذریعے حکومت کو بھجوادی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق، سیکریٹری قانون جسٹس رضا خان نےبدھ کو رپورٹ موصول ہونےاور وزیراعظم کوبجھوانے کی تصدیق کردی۔

پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں منظم دھاندلی، انتخابات کے شفاف نہ ہونے اورعوام کامینڈیٹ چرانے کے الزامات عائد کئے تھے۔

کچھ ٹی وی چینلز پر پیشرفت کے حوالے سے رپورٹس آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں نے دعوے کرنے شروع کردیے کہ کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے انتخابات کے دوران منظم دھاندلی کے الزامات مسترد کردیے ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمیشن کی رپورٹ کا مواد سامنے آنے کے بعد اپنا ردعمل ظاہر کریں گے۔

تاحال باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ کمیشن کی رپورٹ وزارت کو موصول ہوئی ہے یا نہیں۔ کمیشن نے رواں ماہ کے آغاز میں اپنی سماعت مکمل کی تھی۔

ٹوئٹر پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن نے الیکشن 2013 کو کلیئر کردیا ہے اور پی ٹی آئی کے تینوں الزامات مسترد کردیے گئے ہیں، آخرکار سچ کی فتح ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے نام پر معیشت کے ساتھ ڈرامہ اور دھرنا کھیلا گیا۔ عمران خان کو قوم اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی ذمہ داری لینی چاہیے۔ یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔ تاہم ہمیں اب زیادہ عظم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے تاکہ معیشت کو ہونے والے نقصان کا ازالہ ہوسکے۔

ن لیگ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ججوں نے رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ الیکشن کے نتائج میں عوام کے حقیقی اور منصفانہ مینڈیٹ کی ترجمانی ہوئی۔

معاملے سے قربت رکھنے والے ایک ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کمیشن کو الیکشنز کے دوران دھاندلی کے کوئی شواہد نہیں ملے اور اعلان کیا کہ انتخابات قوانین کے مطابق شفاف انداز میں منعقد ہوئے تھے۔

ان کے مطابق ججوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا ہے تاہم کمیشن کی تحقیقات کی تفصیلات دینے سے انہوں نے انکار کردیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے اسحاق خاکوانی جو کمیشن کے لیے پارٹی کے اسپیشل ٹاسک فورس کی سربراہی کررہے ہیں، نے کہا کہ ان کی جماعت رپورٹ پڑھنے کے بعد اپنا باضابطہ ردعمل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ججوں کے سامنے رکھے گئے تین سوالوں پر رپورٹ میں انہوں نے کیا لکھا یہ دیکھنے کے بعد پی ٹی آئی اپنا تفصیلی ردعمل ظاہر کرے گی۔

تاہم انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت میں لوگ کمیشن کے نتائج کو 'ٹوئسٹ' کرتے ہوئے قوم کو گمراہ کررہے ہیں اور یہ سب بظاہر ایک ڈرامے کا حصہ لگتا ہے۔

چیف جسٹس ناصر المک کی سربراہی میں قائم ہونے والے جوڈیشل کمیشن نے 16 اپریل کواپنی کارروائی کاآغازکیا تھا۔

کمیشن کے 39 اجلاس منعقد ہوئے،جس میں پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے پیش ہوکر اپنا موقف پیش کیا۔کمیشن کاآخری اجلاس تین جولائی کو ہوا۔

سیکریٹری قانون کا کہنا ہے کہ رپورٹ سر بمہر ہے اور اسے شائع کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad khan Yousafzai Jul 23, 2015 05:59pm
یہ ایک بہت تاریضی فیصلہ ھے پاکستان میں ھمیشہ سے انتخابات مشکوک سمجھے جاتے ھیں اس سے فیصلے سے کم از کم یہ تاثر کم ھوگا عمران حان نے پچھلے دو سال سے دھاندلی دھاندلی کا شور مچایا تھا اور قوم کو ایک عزاب میں ڈالا ھوا تھا اج عمران حان کی خوش فہمی بھی دور ھوگئی اس فیصلے سے حکمران جماعت بہت زیادہ سیاسی فائدہ ھوگا اور پاکستان تحریک کو بہت زیادہ نقصان ھوگا

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025