• KHI: Partly Cloudy 16.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.3°C
  • ISB: Sunny 14.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.3°C
  • ISB: Sunny 14.3°C

امریکی قومی سلامتی مشیر پاک فوج کے کردار کی معترف

شائع August 30, 2015

راولپنڈی/اسلام آباد : امریکا کی قومی سلامتی مشیر (این ایس اے) سوزن رائس نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی مخلصانہ کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں سراہا۔

پاک فوج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات بشمول خطے میں سیکیورٹی صورتحال کے امور زیرغور آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی مشیر اور آرمی چیف نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان اور خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف سے امریکا کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سوزن رائس کی معاونت کے لیے امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور امریکی قومی سلامتی کونسل کی رکن ڈاکٹر پیٹر لوئے بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نواز شریف کی معاونت کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ بھی شریک تھے۔

خیال رہے کہ امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزین رائس اپنے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچی تھیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ملاقات ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

بعد ازاں جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکی قومی سلامتی کی مشیر کی وزیر اعظم سے ملاقات میں خطے کی صورت حال اور پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دفاع، توانائی، معیشت کے شعبوں سمیت دہشت گردی کے خاتمے میں تعاون بڑھ رہا ہے۔

شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں پر امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قربانی قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ پاکستان کی امن کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی قومی سلامتی مشیر کا دورہ پاکستان

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران نواز شریف کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، امریکا دفاع، انسداد دہشت گردی اور معیشت میں پاکستان کا پارٹنر ہے۔

وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہےاور افغانستان میں پائیدار امن کے لئے معاونت فراہم کرتا رہے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق نواز شریف نے امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائش کو ہندوستان کی جارحیت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی قومی سلامتی کی مشیر اپنے دورہ پاکستان کے دوران ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال بھی شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025