خالد لطیف کی جارحانہ بیٹنگ، کراچی بلوز کامیاب
راولپنڈی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں خالد لطیف اور خرم منظور کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت کراچی بلوز نے لگاتار دوسرے میچ میں کامیابی حاصل جبکہ بہاولپور کی ٹیم نے بھی لگاتار دوسرے میچ میں فتح حاصل کر لی۔
راولپنڈی، اسلام آباد میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے میچ میں کراچی بلوز اور فیصل آباد ریجن کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔
میں اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کراچی بلوز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
فیصل آباد کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 58 رنز بنائے، آصف علی 40 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان مصباح الحق نے 29، راحیل امیر 24 اور خرام شہزاد نے 22 رنز بنائے۔
جواب میں کراچی بلوز نے خلاد لطیف اور خرم منظور کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت باآسانی تین وکٹ کے نقصان پر ہدف تک رسائی حاصل کر لی۔
خالد نے 44 گیندوں پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 71 رنز بنائے جبکہ خرم منظور نے ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی باری کھیلی۔
خرم منظور کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔
یہ کراچی بلوز کی ایونٹ میں لگاتار دوسری فتح جبکہ فیصل آباد کی لگاتار دوسری ناکامی ہے۔
ادھر راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں بہاولپور نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد حیدرآباد کو شکست دے دی۔
حیدرآباد کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد بہاولپور نے پہلے کھیلتے ہوئے 160 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، فیصل مبشر 61، ریاست علی 44 اور محمد یاسر 42 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
جواب میں حیدرآباد نے بھی مقررہ اوورز میں 160 رنز بنا کر مقابلہ ٹائی کردیا، عظیم گھمن اور فیصل اطہر 50، 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بعد میں ایک اوور میں مقابلے کا فیصلہ ہوا جس میں حیدرآباد کی ٹیم صرف دو رنز بنا سکی اور بہاولپور نے باآسانی ہدف حاصل کر کے فتح اپنے نام کر لی۔











لائیو ٹی وی