• KHI: Clear 17.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.2°C
  • KHI: Clear 17.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.2°C

'ن لیگی رہنما دہشتگردوں کے پشت پناہ ہیں'

شائع September 28, 2015

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیرترین نے الزام عائد کیا ہے کہ جنوبی پنجاب میں کچھ ایسے دہشت گرد گروپ موجود ہیں جن کی پشت پناہی مسلم لیگ (ن) کے رہنما کر رہے ہیں.

ڈان نیوز کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایسی بہت سی ویڈیوز بھی موجود ہیں، لیکن اصل حقائق تک پہچنے کے لیے ان کی تحقیقات کی ضرورت ہے.

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ جس طرح سے سندھ میں رینجرز نے انتہائی اہم افراد کے خلاف کارروائیاں کی ہیں، اسی طرح نہ صرف پنجاب بلکہ ہر صوبے میں رینجرز کو جانا چاہیے تاکہ وہاں موجود ایسے افراد کی نشاندہی ہوسکے۔

ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ بڑے واقعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے آپریشن ضربِ عضب کے دوران دہشت گردوں کی کافی حد تک کمر توڑ دی ہے، لیکن اسے مکمل طور پر ختم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیرستان میں خاتمے کے بعد دہشت گردوں نے ایک نیا گروپ بنالیا ہے، تاہم اس بارے میں ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا کہ آیا یہ پاکستان کے اندر ہے یا باہر۔

جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے قائم ادارے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کو فعال بنانا بہت ضروری ہے، لیکن اس عمل میں رکاوٹ بذاتِ خود وزیرداخلہ چوہدری نثار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہر کام کے لیے فوج پر انحصار کم کرکے سویلین ایجنسیز کو زیادہ فعال بنایا جائے تاکہ انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید تیز ہوسکے۔

سندھ میں نیب کی کارروائیوں سے متعلق کیے گئے ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف سندھ کی حد تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہر صوبے میں نیب کو ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے جو کرپشن میں ملوث ہیں۔

نندی پور اور میٹرو بس منصوبے پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ ان منصوبوں میں بھی بہت سے اہم لوگ کرپشن میں ملوث ہیں جن کے خلاف کارروائی عمل میں لانی چاہیے۔

"نواز شریف کا 2018 تک اقتدار میں رہنا مشکل ہے"

وزیراعظم نواز شریف کے مقابلے میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مقبولیت میں اضافے کی وجہ بتاتے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اس وقت دہشت گردی کی جنگ فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ عوام میں مقبولیت حاصل کررہے ہیں اور اگر نواز شریف اس کام کی لیڈر شپ سنبھال لیں تو لوگ ان کو بھی پسند کریں گے۔

انہوں نے فوج اور رینجرز کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ معاہدہ تھا اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ سندھ میں پی پی پی کے لوگوں کے خلاف کارروائی ہو، لیکن فوجی افسران کے سخت دباؤ کے باعث یہ معاہدہ ختم ہوگیا۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے یہ بھی واضح کیا کہ (ن) لیگ کی حکومت چلانے کے پیچھے کسی اور کا ہاتھ ہے اور یقیناً وہ فوج ہی ہے جس کی مقبولیت اب حکومت کے مقابلے میں زیادہ ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف فوج کو اپنے لیے خطرہ سمجھ رہے ہیں.

جہانگیر ترین نے پیشین گوئی کی کہ جس طرح کی غلطیاں وہ (نواز شریف) کرتے جارہے ہیں ایسے میں ان کا 2018 تک اقتدار میں رہنا بہت مشکل ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai of Shewa Sep 28, 2015 10:53pm
جھانگیر ترین کو اپنی انتخابی مہم پر توجہ دینے کی ضرورت ھے دھشتگردی کے حلاف آپریشن حکومت کررہی ھے جو جھانگیر ترین خوب جانتے ھیں راحیل شریف فوج کا سپاہ سالار ھے انکی مقبولیت ریاست کی مقبولیت ھے جہاں تک دھشتگردی کی حمایت کا سوال ھے تو یہ ملک کا بچہ بچہ جانتا ھے کہ دھشتگردی کے حلاف جنگ کو پرائی جنگ کس نے کہا تھا ڈرون حملوں کے حلاف مارچ کس نے کی تھی دھشتگردوں کے ساتھ مذاکرات کا مطالبہ کس کا تھا دھشتگردوں کے لئے دفتر کھولنے کی بات کس نے تھی جب مزاکرات کیلئے دھشتگردوں نے اپنے طرف سے نام دیئے تھے تو اس میں کس کے نام شامل تھے جھانگیر ترین قوم کو گمراہ کررہے ھیں انتخابی پوسٹرز پر ارمی چیف کی تصویر چھپوا کر پی ٹی آئ کیا ثابت کرنا چاہتی ھے دوسری طرف کہا جاتا ھے کہ نواز شریف کے پیچھے فوج ھے اگر نواز شریف کے ساتھ فوج ھے تو اس میں برائی کیا ھے فوج حکومت کے ساتھ نہیں ھوگی تو کس کے ساتھ ھوگی لیکن اپ لوگ عمران حان کی بجائے فوج کی تصویر استعمال کررہے ھو

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025