• KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C
  • KHI: Clear 21.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Cloudy 12°C

’داعش کی طرح ایران بھی عرب ممالک کیلئے خطرہ‘

شائع October 31, 2015

ماناما: خلیجی مملک بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ کا کہنا ہے کہ عرب ممالک میں بغاوت پیدا کرنے کے لیے ایران کی حمایت اتنی ہی خطرناک ہے جتنی خطے کے لیے شدت پسند تنظیم داعش خطرناک ہے۔

بحرین کے دارالحکومت ماناما میں سالانہ سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ خالد بن احمد الخلیفہ نے ایران پر بحرین میں ہتھیار اسمگل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایران عرب ممالک میں بغاوت پیدا کرنے کے جو کوششیں کر رہا ہے وہ داعش سے کم خطرناک نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یمن کی حوثی ملیشیا، جس کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک صف آرا ہیں اور جس پر ایران کا پراکسی ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے، کا ملک میں مستقبل ہوسکتا ہے لیکن اس کے لیے اسے ہتھیار پھینک کر سیاسی عمل کا حصہ بننا ہوگا۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم خطے کے استحکام و ترقی کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں لیکن ملک کی سیکیورٹی اور استحکام کو اس لیے داؤ پر نہیں لگا سکتے۔

امریکا کی جوہری معاہدے کے تناظر میں ’قابل اعتراض‘ ایرانی اقدامات پر توجہ

سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے نائب وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ امریکا جوہری معاہدے کے تناظر میں ایران کے قابل اعتراض اقدامات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جن سے خطے میں دہشت گردی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک سے امریکا کے صرف فوجی اور دفاعی پہلو سے نہیں، بلکہ کئی پہلوؤں سے تعلقات استوار ہیں اور یہ تعلقات پچھلے چند سالوں میں مزید گہرے ہوئے ہیں۔

شام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شام کی صورتحال کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) کی جانب سے یہ علاقائی سیکیورٹی کانفرنس ہر سال منعقد کی جاتی ہے، جس میں خطے کے سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔

کانفرنس میں خلیجی اور عرب ممالک سمیت 20 سے زائد ممالک کے وفود حکومتی سطح پر شرکت کرتے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

AVARAH Nov 01, 2015 12:13pm
a logic with no logic based on personal likes or dislikes.

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025