'داعش عالمی قوتوں کو شکست نہیں دے سکتی'
واشنگٹن: عراق و شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم کے حوالے سے پاک فوج کے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ داعش بین الاقوامی قوتوں کو شکست نہیں دے سکتی، شدت پسند تنظیم کے لیے پاکستان میں زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں پریس بریفنگ کے دوران لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ فاٹا اور دیگر پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے جس میں پاک فوج کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں اور علاقے کے بڑے حصے کو کلیئر کرالیا گیا ہے۔
شمالی وزیرستان میں کارروائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشت گرد خیبر ایجنسی کی طرف بھاگے تو ان کا وہاں بھی پیچھا کیا گیا اور ان کی کمر توڑی دی، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور مدد گاروں کو بھی پکڑا جارہا ہے، لیکن دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے خاتمے کا ابھی وقت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے افغان امن عمل فوری شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان امن عمل میں سب کو حصہ لینے کی ضرورت ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک افغان سرحد کھلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی دہشت گرد سرحد عبور کرگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بھارت کے ساتھ کشمیر پر تنازع ہے جسے جلد حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ داعش اس وقت مشرق وسطیٰ میں کارروائیاں کر رہی ہے لیکن دیگر خطوں کو بھی اس سے خطرہ ہوسکتا ہے، تاہم داعش بین الاقوامی قوتوں کو شکست نہیں دے سکتی جبکہ پاکستان میں داعش کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انفرادی حیثیت میں دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور کوئی تیسرا ملک اس پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔












لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں