پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کا سفر تمام
دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے مقابلوں سے باہر کردیا جبکہ کراچی کنگز جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے.
دبئی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو محمد عرفان نے پہلے ہی اوور میں کپتان اظہر علی کو آؤٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلا کر کپتان کا فیصلہ درست ثابت کردیا.
لاہور قلندرز کا آغاز مایوس کن تھا کپتان اظہر علی کے آؤٹ ہوتے ہی دوسرے اوپنر کیمرون ڈیل پورٹ بھی ایک رن بنا کر رومان رئیس کا شکار ہوئے جبکہ تیسرے اوور میں محمد رضوان بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے تو لاہور قلندرزشدید مشکلات کا شکار تھی اوراس کااسکور صرف 6 رنز تھا.
ابتدائی تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے صہیب مقصود اور عمر اکمل نے ٹیم کے اسکور کو سست روی سے آگے بڑھایا لیکن آخری اوورز میں دونوں نے تیز بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکال کر اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا.
صہیب مقصود 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 5 چوکے اور دوچھکے شامل تھے اس وقت لاہور کا اسکور 103 رنز تھا تاہم عمر اکمل نے ڈیرن براوو کے ساتھ مل کر اسکور کو 144 رنز تک پہنچایا تو براوو 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے.
عمر اکمل نے آخری گیند تک جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور اننگز کی آخری گیند پر رومان رئیس کو بلند وبالا چھکا رسید کیا. انھوں نے 49 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے.
لاہور قلندرز نے مشکلات سے دوچار ہونے کے بعد 5 وکٹیں کھو کر 150 رنز کا ایک اچھا مجموعہ ترتیب دیا.
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد عرفان نے 3 اور رومان رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی.
لاہور قلندرز نے اسلام آباد کو ہدف کے تعاقب میں پہلا دھچکا 13 رنز پر پہنچایا جب ڈیون اسمتھ 11 رنز بنا کر ضیاالحق کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے.شرجیل خان 24 کے اسکور پر صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے.
بریڈ ہیڈن اور خالد لطیف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو 68 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے 93 کے اسکور تک لے آئے، ہیڈن نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم خالد لطیف وکٹوں کے درمیان دوڑ میں غلط فہمی کے باعث 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
بریڈ ہیڈن 119 کے مجموعی اسکور پر 54 رنز بنا کر تیز رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے لیکن دوسری طرف مصباح الحق ہدف کو حاصل کرنے میں جلدی میں دکھائی دے رہے تھے اور انھوں نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا لیکن آصف علی جلد ہی 7 رنز کا اضافہ کرکے ان کا ساتھ چھوڑ گئے.
کپتان مصباح الحق نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر 153 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرکے ٹیم کو 5 وکٹوں سے فتح دلادی. اظہر محمود 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.
لاہور قلندرز کی جانب سے ضیاالحق نے 2 اور احسان عادل نے ایک وکٹ حاصل کی.
محمد عرفان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.
لاہور قلندرز اس شکست کے ساتھ پلے آف مرحلے سے باہر ہوگئی اور کراچی کنگز، پشاور زلمی کے خلاف 5 وکٹوں سے شکست کے باوجود بہترین رن ریٹ کی بیناد پر ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئی.
اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاورزلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے ہی پلے آف مرحلے میں اپنی جگہ پکی کرلی تھی.
ٹورنامنٹ کے اہم میچ کے لیے لاہور قلندرز کو پہلا دھچکا ان کے جارحانہ بلے باز کرس گیل کے زخمی ہونے کی صورت میں لگا تھا ٹیم میں ان کی جگہ صہیب مقصود کو شامل کیا گیا اور اجنتھا مینڈس کی ایک دفعہ پھر ٹیم میں واپسی ہوئی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ٹیم میں ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈیون اسمتھ کو پہلی دفعہ جگہ دی گئی جبکہ محمد سمیع کو آرام دے کر محمد عرفان کو شامل کیا گیاتھا.
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی