اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کی 2 ماہ کی تنخواہیں جاری کرنے اور مل پر ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے واجبات کی ادائیگی کیلئے رقم فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اسٹیل مل کے ملازمین کو عید سے قبل 2 ماہ کی تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

خیال رہے کہ پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: ملازمین کے واجبات، وزرا کی تنخواہیں روکنے کا مطالبہ

دوسری جانب ای سی سی نے پاکستان اسٹیل مل پر ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے بقایاجات کے لیے ضمانت فراہم کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے عدالتی حکم پر جنوبی افریقہ کے پورٹ الزبتھ پر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے مال بردار بحری جہاز کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

تاہم پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ضمانت دینے کے بعد پی این ایس سی کے مال بردار بحری جہاز ایم وی حیدرآباد کو پورٹ الزبتھ سے روانگی کی اجازت دے دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت خزانہ کی ضمانت پر پاکستانی بحری جہاز رہا

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر تجارت خرم دستگیر اور وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان، وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وزیر قانون زاہد حامد نے بھی شرکت کی۔

اس اجلاس میں ایک لاکھ ٹن کیلشیم امونیم نائٹریٹ برآمد کرنے کی بھی منظوری دے گئی۔

اس کے علاوہ نان فائلرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس پالیسی میں 31 دسمبر 2016 تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا جبکہ گندم کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی 40 سے بڑھا کر 60 فیصد کردی گئی۔

ای سی سی نے ایران کے مرکزی بینک اور اسٹیٹ بینک کے درمیان معاہدے کی منظوری بھی دے دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں