ریکارڈ ساز میچ: کیا بنا، کیا ٹوٹا؟
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ناٹنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں فتح کی بدولت سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ نے کئی عالمی ریکارڈ بھی پاش پاش کر دیے۔
انگلینڈ نے تیسرے ایک روزہ میچ میں 444 رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
دس سال قبل سری لنکا نے نیدرلینڈ کے خلاف 443 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، اس سے قبل پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور جنوبی افریقہ کا تھا جنہوں نے 7-2006 میں 392 رنز بنائے تھے۔
ایلکس ہیلز 171 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے والے کرکٹر بن گئے ہیں، اس سے قبل روبن اسمتھ نے 1993 میں آسٹریلیا کے خلاف 167 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔
جوز بٹلر نے 22 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر انگلینڈ کی جانب سے تیز تگرین نصف سنچری بنانے کا ریاکرڈ اپنے نام کر لیا، اس سے قبل پال کولنگ وڈ نے 24 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
انگلینڈ نے 46.2 اوورز میں 400 رنز مکمل کر کے 400 رنز تک تیز ترین رسائی کا ریکارڈ برابر کردیا، اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف میچ اتنی ہی گیندوں پر 400 رنز بنائے تھے۔
جو روٹ اور ایلکس ہیلز نے دوسری وکٹ کیلئے 248 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بنا دیا، ہاشم آملا اور اے بی ڈی ویلیئرز نے اس سے قبل 2013 میں جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں 238 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
وہاب ریاض نے میچ میں 110 رنز کی پٹائی برداشت کی اور یوں وہ ایک روزہ کرکٹ میں سو رنز دینے والے پاکستانی باؤلر بن گئے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے مہنگے ترین باؤلر بن گئے، اس سے قبل مک لوئس کو وانڈررز یں 113 رنز پڑے تھے۔
انگلینڈ نے میچ میں 59 باؤنڈریز(43 چوکے اور 16 چھکے) کے ساتھ کسی بھی ایک روزہ میچ میں زیادہ باؤنڈریز کا سری لنکا کا ریکارڈ برابر کردیا۔
پاکستان کے محمد عامر نے گیارہویں نمبر پر کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بنا دیا، عامر سے پہلے گیہارہویں نمبر پر کھیلنے والے کسی بھی کھلاڑی نے نصف سنچری اسکور نہیں کی تھی۔
گیارہویں نمبر پر کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ پاکستان کے شعیب اختر کے پاس تھا جنہوں نے 2003 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 43 رنز بنائے تھے۔
اس سیریز میں فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف لگاتار نویں دوطرفہ سیریز ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کر لیا جس میں سے آٹھ میں فتح بٹوری جبکہ ایک برابر رہی۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف واحد سیریز 1974 میں جیتی تھی۔












لائیو ٹی وی