جوناگڑھ کا پاکستان سے الحاق ہونا چاہیے،نواب خانجی
اسلام آباد: جوناگڑھ کے نواب محمد جہانگیر خانجی کا کہنا ہے کہ بھارت کا جوناگڑھ پر قبضہ معاہدوں کے قانون کے حوالے سے ویانا کنونشن کے آرٹیکل 26 کی خلاف ورزی ہے۔
بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی سے ملاقات کے دوران محمد جہانگیر خانجی کا کہنا تھا کہ جوناگڑھ کا پاکستان سے الحاق کیا جانا چاہیے۔
ملاقات کے دوران مسلم انسٹیٹیوٹ کے بانی سلطان محمد علی بھی موجود تھے۔
جوناگڑھ تقسیم ہند سے قبل بھارت کے شاہی ریاست تھی اور تقیسم کے بعد 550 سے زائد ریاستوں کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ یا تو پاکستان یا بھارت میں شامل ہونے کا فیصلہ کریں، ان ریاستوں میں سے جوناگڑھ کے نواب نے پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
تاہم چونکہ یہ ریاست بھارتی سرزمین سے گھری ہوئی ہے اور اس کا صرف ایک حصہ بحیرہ عرب میں نکلتا ہے، بھارت نے اس پر قبضہ کرلیا اور وہاں کے نواب کو کراچی جلاوطن کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جونا گڑھ کے ڈاکو کراچی میں
ملاقات کے دوران نواب جہانگیر خانجی نے کہا کہ ’جوناگڑھ ریاست میں پاکستان سے الحاق کا قانون موجود ہے، جو ویانا کنونشن کے تحت الحاق کے تمام معیار پر پورا اترتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ ثابت کرنے کے لیے کہ ریاست جوناگڑھ پاکستان کا حصہ ہے، الحاق کی یہ دستاویز ایک اہم اور قانونی شواہد کے طور پر موجود ہے، جبکہ یہ دستاویز الحاق ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جو ریاستوں کے درمیان تحریری شکل میں طے پایا اور جس کا تحفظ بین الاقوامی قانون کرتا ہے۔‘
جہانگیر خانجی نے کہا کہ جوناگڑھ کا مسئلہ اس وقت تک قانونی طور پر زندہ رہے گا جب تک الحاق کی یہ دستاویز محفوظ ہے۔‘
اس موقع پر سلطان محمد علی کا کہنا تھا کہ جوناگڑھ اور کشمیر دو الگ الگ مسائل ہیں اس لیے ان کا اس کے مطابق ہی حل نکالا جانا چاہیے، تاہم دونوں مسائل کو اقوام متحدہ کے فورمز پر اٹھایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس حوالے سے پاکستان کی وفاقی و صوبائی حکومتوں کو مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیے اور ان مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہیے۔‘
گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نواب جہانگیر خانجی کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کے لیے اہمیت کے حامل تمام مسائل کو متعلہ فارمز پر سنجیدگی سے اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے جوناگڑھ کے مسئلے کو زندہ رکھنے پر نواب خانجی کے خاندان کی جدو جہد کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران نواب جہانگیر خانجی نے گورنر بلوچستان کو الحاق کے قانون کی دستاویزکی کاپی بھی پیش کی۔
یہ خبر 28 نومبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔











لائیو ٹی وی