'کراچی رہنے کے قابل نہیں رہا'

شائع November 30, 2016
فاروق ستار نے شہریوں کو بھی کراچی کی حالت بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کی دعوت دی —فوٹو: ڈان نیوز
فاروق ستار نے شہریوں کو بھی کراچی کی حالت بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالنے کی دعوت دی —فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: سربراہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان فاروق ستار کا کہنا ہے کہ شہر میں سڑکوں کی صورتحال، پانی کا مسئلہ، نکاسی آب کا مسئلہ، ٹرانسپورٹ کا مسئلہ اور بےروزگاری جیسے مسائل کے پس منظر میں کراچی رہنے کے قابل نہیں رہا ہے، شہر کو قابل رہائش اور بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ شہری کراچی کو بہتر بنانے کے پروگرام میں اپنا حصہ ڈالیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم ماڈل یوسیز بنانے کا دعویٰ نہیں کرتے مگر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی جانب سے شروع ہونے والی 100 روزہ صفائی مہم کا پروگرام کراچی سے اپنائیت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کراچی کے شہریوں کو بھی پروگرام کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں کراچی کو رہنے کے قابل بنائیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز میئر کراچی وسیم اختر نے ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کے ایم سی کی جانب سے 100 روزہ صفائی مہم کا اعلان کیا تھا۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ’اگلے 100 روز میں صفائی کی اس بڑی مہم کے دوران ہم دستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے شہر کے بڑے علاقے کی تعمیر نو کریں گے۔‘

یہ بھی پڑھیں: کراچی: 100 روزہ ’صفائی مہم‘ کا کل سے آغاز

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے بھی کراچی کے لیے خصوصی اور بڑے پیکج کے اعلان کا مطالبہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ میں بھی ایم کی ایم کی جانب سے صفائی مہم کا اعلان کیا گیا تھا، جو کراچی کے 6 اضلاع میں بیک وقت شروع کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: کچرےکو'آخری آرام گاہ'تک پہنچائیں گے،ایم کیو ایم

فاروق ستار نے 10 مارچ سے کراچی میں صفائی مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کے نامزد کردہ وسیم اختر کے میئر بننے تک یہ صفائی مہم جاری رہے گی۔

لیکن بعد ازاں ایم کیو ایم نے صرف 12 روز بعد ہی کراچی میں شروع کی گئی صفائی مہم معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

صفائی مہم کو 10 اپریل تک جاری رہنا تھا، لیکن اس مہم کو صرف 12 روز بعد ہی معطل کر دیا گیا اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ مہم دوبارہ کب شروع کی جائے گی۔

اس وقت متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے الزام عائد کیا گیا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ، رینجرز، پولیس اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے ایم کیو ایم کو صفائی مہم چلانے سے روکا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ کی 'صفائی مہم' 12 روز بعد ہی معطل

اس مہم کے اعلان سے چند دنوں قبل ہی ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر اور سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے وطن واپس آ کر متحدہ قومی موومنٹ سے علیحدگی اور 'نئی جماعت' بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ایم کیو ایم نے عوام سے رابطوں کے لیے 'صفائی مہم' کا سہارا لی تھا۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ حالیہ مہینوں میں شدید مشکلات کا شکار رہی ہے، 22 اگست کو کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتالی کیمپ اور امریکا میں کارکنوں سے خطاب میں الطاف حسین نے پاکستان مخالف نعرے لگائے تھے، اس کے فوری بعد ہی ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے قائد سے اعلان لاتعلقی کر لیا تھا، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ دو حصوں ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں منقسم ہو گئی ہے، دونوں کی رابطہ کمیٹی قائم ہے جو کہ اصلی حقیقی جماعت ہونے کے دعویدار ہیں، تاہم سینیٹ، قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور بلدیات کے منتخب نمائندے ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت کر رہے ہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Bilal Iqbal Nov 30, 2016 06:37pm
y y,
Bilal Iqbal Dec 01, 2016 03:33pm
Sorry to say, we people of Karachi, have the largest share in taxes pay , but what we get in return and what you did in past years, massive encroachment china cutting, chinchi rakshaws, so use your available resources honestly and smartly , that would be enough.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2025
کارٹون : 21 دسمبر 2025