• KHI: Sunny 24.2°C
  • LHR: Sunny 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.5°C
  • KHI: Sunny 24.2°C
  • LHR: Sunny 17.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.5°C

’بھلی کرے آیا‘ ، جب امریکی بنے سندھی

شائع December 2, 2016 اپ ڈیٹ December 4, 2016
امریکی قونصلیٹ کے ارکان سندھی رنگوں میں رنگ گئے —فوٹو: اسکرین شاٹ
امریکی قونصلیٹ کے ارکان سندھی رنگوں میں رنگ گئے —فوٹو: اسکرین شاٹ

کراچی: سندھ کی تہذیب، موسیقی اور تاریخ سب ہی سے مالامال ہے، اجرک، سندھی ٹوپی، موئن جو داڑو، عابدہ پروین غرض ہر چیز کا بس نام ہی کافی ہے، صوبے بھر میں سندھی ثقافت کا دن دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جاتا ہے۔

اس یومِ ثقافت یا یومِ یکجہتی پہ نہ صرف سندھی بلکہ ملک بھر کے افراد مل جل کر سندھی ٹوپی اور اجرک پہنتے ہیں جبکہ سندھ دھرتی کے ’شال وساں’ کے گیت گاتے ہیں۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

دسمبر کا آغاز ہوچکا ہے اور پہلا اتوار بھی بس آنے ہی والا ہے اس مناسبت سے پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے کے افراد نے بھی سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر ایک نیا تجربہ کرنے کی ٹھانی۔

امریکی سفارت کاروں نے سندھی سیکھنے کی پہلی کوشش کی اور سندھی میں مختلف جملے بول کر سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو اپلوڈ کی۔

52 حروف پر بنی اس میٹھی بولی بولنے میں امریکی کتنا کامیاب ہوئے یہ آپ ویڈیو میں خود بھی دیکھ سکتے ہیں۔

سفارت خانے کے عملے نے سندھی میں اپنے نام بتائے، ایک دوسرے کے نام دریافت کیے اور اٹک اٹک کر سندھی میں بات کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

اسٹاف ممبران نے خوش آمدید، پھلوں کے نام اور رشتے داروں کے نام بھی سیکھے اور ادا کیے۔

ویڈیو کے آخر میں سب ہی ممبران نے ناظرین کو یوم ثقافت کی مبارکباد بھی سندھی زبان میں ہی دی۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی سفارت خانے کے ممبران کئی دلچسپ ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سُوٹی‘ جب امریکیوں کے ہاتھ لگی

کبھی کپڑے دھونے کے لیے پاکستان میں استعمال ہونے والی ’سُوٹی‘ سے متعلق انہوں نے اپنے اندازے لگائے تو کبھی پاکستان کے معروف میوزک شو ’کوک اسٹوڈیو‘ کے گانوں پر انہیں سر دھنتے دیکھا گیا۔

اپنے وقت کے کامیاب پاکستانی مزاحیہ ٹی وی شو ’ففٹی ففٹی‘ پر بھی امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے افراد اپنا تجزیہ پیش کر چکے ہیں۔

نوٹ: اس خبر میں ایک جگہ ’کراچی اور سندھ‘ لکھ دیا گیا تھا جس سے قارئین کو غلط تاثر ملا تاہم اس غلطی کو اب درست کردیا گیا ہے


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025