'بالو ماہی' میں صدف کنول کا کردار کیا ہے؟

10 دسمبر 2016
فلم 'بالو ماہی' میں صدف کنول، عثمان خالد بٹ اور عینی جعفری کی ایک جھلک —فوٹو/ پبلسٹی
فلم 'بالو ماہی' میں صدف کنول، عثمان خالد بٹ اور عینی جعفری کی ایک جھلک —فوٹو/ پبلسٹی

پاکستان کی نامور ماڈل صدف کنول بہت جلد پاکستانی فلم 'بالو ماہی' میں ایک اہم کردار کرتی نظر آئیں گی، یہ وہی فلم ہے جس میں ان کے کردار کے حوالے سے شائقین کافی عرصے سے جاننا چاہ رہے تھے۔

ڈان نے صدف کنول سے فلم میں ان کے کردار کے حوالے سے بات کی، جس پر ان کا کہنا تھا 'میرا کردار بہت دلچسپ ہے، میں ایک کمپنی کی مالک ہوں، یہ کردار گلیمرس ہونے کے ساتھ ساتھ تھوڑا بے حس بھی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلم میں ان کے کردار کا نام شرمین ہے، جو ایک کاروباری خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ کافی 'مزیدار' بھی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم ’بالو ماہی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان

اپنے کردار کے حوالے سے مزید بتاتے ہوئے صدف کنول نے کہا 'میں فلم میں ایک لڑکے کے ساتھ بہت سے مقامات کا دورہ کروں گی، پھر ان دونوں کی رومانوی کہانی کا آغاز ہوجائے گا، جسے فلم میں پیش کیا جائے گا، میں جس لڑکے سے پیار کروں گی اس کا کردار کافی پریشان رہنے والے شخص کا ہے'۔

لکس اسٹائل ایوارڈ حاصل کرنے والی ماڈل صدف کنول کے مطابق فلم میں کئی ایسے لمحات تھے جو ان کے لیے کافی یادگار ہیں، ان میں سے ایک سین وہ ہے جب انہوں نے ہدایت کار ہیثم حسین کے ساتھ پہلا سین شوٹ کیا۔

اس حوالے سے صدف کا کہنا تھا 'یہ ہنزہ میں میری شوٹنگ کا پہلا دن تھا اور پہلی مرتبہ میں ہیثم اور کمیرے کے سامنے شوٹ کررہی تھی، میرے سامنے پوری ٹیم موجود تھی، ہیثم نے مجھ سے کہا کہ اب میرے شوٹ کی باری ہے، میں تیار ہوئی اور سیٹ پر پہنچ گئی، میں اس وقت بےحد گھبرائی ہوئی تھی کیوں کہ ہیثم ایک بہت بڑے ہدایت کار ہیں اور عینی جعفری، جو پہلے سے ہی اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرچکی تھی، کافی اچھی اداکارہ ہیں، لیکن جب میں نے اداکاری کی تو ہیثم نے سب کو روکا اور پھر میرے لیے تالیاں بجنا شروع ہوگئیں'۔

صدف کے مطابق اس دوران سب نے ان سے کہا کہ میں نے بہت اچھی اداکاری کی۔

یہ بھی پڑھیں: 'بالو ماہی' میں راحت فتح علی خان کی قوالی

اس سے قبل بھی ایک انٹرویو میں صدف کنول نے فلم میں کردار حاصل کرنے کے حوالے سے کہا تھا کہ 'بہت سی ماڈلز نے اس کردار کے لیے آڈیشن دیا، لیکن میں وہ خوش قسمت تھی جس کا انتخاب کیا گیا'

فلم 'بالو ماہی' میں عثمان خالد بٹ، عینی جعفری اور صدف کنول کے علاوہ معروف گلوکار راحت فتح علی خان بھی ایک مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔

'بالو ماہی' اگلے سال 10 فروری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں