• KHI: Sunny 21.8°C
  • LHR: Sunny 15.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.9°C
  • KHI: Sunny 21.8°C
  • LHR: Sunny 15.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.9°C

قطری شہزادوں کو کے پی میں شکار کی اجازت سے انکار

شائع December 12, 2016

خیبرپختونخوا (کے پی) نے وفاقی حکومت کی جانب سے قطری شہزادوں کو صوبے میں تلور کے شکار کی اجازت کے لیے کی گئی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کے مشیر برائے ماحولیات اشتیاق عمر نے کہا کہ انھیں وزارت داخلہ کی جانب سے ایک خط موصول ہوا تھا جس میں قطری شہزادوں کو کے پی کے مختلف اضلاع میں تلور کے شکار کی اجازت مانگی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی درخواست کو مسترد کردیا گیا کیونکہ تلور نایاب پرندہ ہے۔

اشتیاق عمر کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے اپنے فیصلوں کے لیے خودمختار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کو نایاب پرندوں کے شکار کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شکار کی اجازت کیلئے قطری شہزادے کا وزیراعظم سے رابطہ

مشیرماحولیات نے مستقبل میں بھی کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے اوائل میں ایک قطری شہزادے کو ڈیرہ اسمٰعیل خان میں شاہین کے شکار کرتے ہوئے پکڑاگیا تھا جس کے بعد انھیں 80 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ قطری شہزادوں کو پنجاب کے مختلف اضلاع میں تلور کے شکار کی اجازت دی گئی تھی دوسری جانب قطری شہزادہ شیخ علی بن عبداللہ الثانی شکار کے لیے جب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقوں ہوشاب اور بالاکتار پہنچے تو انہیں شکار کی اجازت کے سلسلے میں کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

قطری شہزادے نے شکار کے لیے اجازت نہ ملنے پر وزیراعظم نواز شریف کو فون کیا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کو قطری شہزادے کو سیکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کرنے کی فوری ہدایات جاری کیں، جس کے بعد قطری شہزادہ اپنے خاندان اور عملے کے دیگر ارکان کے ہمراہ تربت پہنچے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025