'جنید جمشید کی میت کی شناخت ہوگئی'
اسلام آباد: حویلیاں میں فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والے معروف نعت خواں اور سابق گلوکار جنید جمشید کی لاش کی شناخت کرلی گئی۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جنید جمشید کی میت کی شناخت کرلی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنید جمشید کی شناخت چہرے کے ایکسرے اور دانتوں کی ہسٹری سے ہوئی۔
ڈی سی کا مزید کہنا تھا کہ جنید جمشید کے اہلخانہ کو میت کی شناخت سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا طیارہ گر کر تباہ، 48 افراد جاں بحق
انھوں نے بتایا کہ جنید جمشید کی میت کل اہلخانہ کے حوالے کی جائے گی۔
اس سے قبل جنید جمشید کی اہلیہ نیہا جنید کی میت کو شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا تھا۔
ادھر طیارہ حادثے میں جاں بحق کیپٹن صالح یار کی میت بھی ورثاء کے حوالے کی گئی تھی، ان کی میت ان کی ہمشیرہ نے وصول کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حادثے کا شکار ہونے والی پرواز میں سوار افراد کی تفصیل
واضح رہے کہ 8 دسمبر 2016 کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا چترال سے اسلام آباد آنے والا مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 48 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جہاز کے تباہ ہونے اور اس میں سوار تمام مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی تھی، تاہم حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہ آسکیں۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری کی جانے والی مسافروں کی فہرست کے مطابق متاثرہ طیارے میں 31 مرد، 9 خواتین اور 2 بچے سوار تھے۔
چترال ایئر پورٹ ذرائع نے تصدیق کی کہ پاکستان کی نامور شخصیت جنید جمشید جو تبلیغی دورے پر چترال میں موجود تھے وہ بھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اسی طیارے سے اسلام آباد آرہے تھے۔
مزید پڑھیں: جنید جمشید فضائی حادثے میں جاں بحق
حویلیاں ریجن سے تعلق رکھنے والے سرکاری عہدے دار تاج محمد خان نے بتایا کہ ’تمام لاشیں بری طرح جھلس چکی ہیں اور ان کی شناخت ممکن نہیں جبکہ طیارے کا ملبہ بھی بڑے رقبے پر پھیلا ہوا ہے‘۔
موقع پر موجود ایک ریسکیو اہلکار کاشف نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ’طیارے کا ملبہ 100 کے رقبے تک پھیلا ہوسکتا ہے، ہم نے آگ کو مٹی اور کیچڑ کی مدد سے بجھایا‘۔










لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں