اسمتھ کی سنچری، برسبین میں پہلا دن آسٹریلیا کے نام
برسبین: آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے 3 وکٹ کے نقصان پر 287 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین برسبین میں کھیلے جا رہے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔
برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں ڈیوڈ وارنر اور میٹ رین شا نے اپنی ٹیم کو 70 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اس شراکت کا خاتمہ محمد عامر نے وارنر کو آؤٹ کر کے کیا جو 32 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
پاکستان کو دوسری وکٹ کیلئے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور عثمان خواجہ مجموعے میں پانچ رنز کے اضافے کے ساتھ ہی یاسر شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔
یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان اسٹیون اسمتھ وکٹ پر پہنچے اور نوجوان رین شا کے ساتھ 76 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو بہتر پوزیشن میں پہنچا دیا۔

وہاب ریاض نے سرفراز احمد کی مدد سے 71 رنز بنانے والے آسٹریلین اوپنر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
اس کے بعد اسمتھ کا ساتھ نبھانے پیٹر ہینڈزکومب وکٹ پر پہنچے اور عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلنگ کو بے اثر کردیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے آخری سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور تین وکٹ کے نقصان پر 288 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کر دی ہے۔
اسٹیون اسمتھ نے 16 چوکوں کی مدد سے 110 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور نوجوان پیٹر ہینڈز کومب 64 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ نبھا رہے ہیں اور اب تک چاتھی وکٹ کیلئے 137 رنز جوڑ چکے ہیں۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی ٹیم چھ بلے بازوں، تین فاسٹ باؤلر، وکٹ کیپر اور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اتری۔
پاکستانی ٹیم میں سمیع اسلم، اظہر علی، بابر اعظم، یونس خان، مصباح الحق (کپتان)، اسد شفیق، وہاب ریاض،یاسر شاہ، راحت علی اور محمد عامر شامل ہیں۔
جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، میٹ رینشا، عثمان خواجہ، اسٹیو امتھ (کپتان)، پیٹر ہینڈس کومب، نک میڈنسن، میتھیو واڈ، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لیون اور جیکسن برڈ شامل ہیں۔
پاکستان ٹیم 21 سال گزر جانے کے باوجود آسٹریلیا میں کامیابی سے محروم ہے اور اب آسٹریلیا کی تیز اور باؤنسی پچز پاکستانی بلے بازوں کو شدید مشکلات میں ڈال سکتی ہیں جبکہ برسبین میں گلابی گیند اور گرین وکٹ پاکستان کے لیے کڑاامتحان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دورہ نیوزی لینڈ میں قومی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی تھی۔











لائیو ٹی وی